Friday, 29 November 2024


وزیراعلیٰ نے معاہدے کے اختتام پر25ڈاکٹروں کو فارغ کردیا

 

ایمز ٹی وی(صحت) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے 28 مارچ کو معاہدے کے اختتام پر تھر کے 25 ڈاکٹروں کو فارغ کردیا جبکہ 31 ڈاکٹروں کے معاہدوں میں توسیع کردی تاہم معاہدے سے محروم ہونے والے ڈاکٹروں نے فیصلے کو غیرمنصفانہ قرار دیتے ہوئے احتجاج کیا۔
برطرف ہونے والے ڈاکٹر ریتا، ڈاکٹر پشپا، ڈاکٹر اشوک، ڈاکٹر مکیش، ڈاکٹر وینا، ڈاکٹرجوٹی مالا، ڈاکٹرلیلا اور دیگر نے مٹھی سول ہسپتال کے باہر ریلی نکالی اور بینظیر بھٹو آڈیٹوریم تک مارچ کیا جہاں ضلع کونسل کا ایک اجلاس منعقد ہورہا تھا۔
وہ آڈیٹوریم کے باہر احتجاج کرتے ہوئے ضلعی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر غلام حیدر سمیجو سے مذاکرات کے لیے باہر آنے کا مطالبہ کرتے رہے۔
ڈاکٹر غلام حیدر سمیجو نے معاملے کو وزیراعلیٰ کے سامنے اٹھانے کی یقین دہانی کرائی اور صحافیوں سے گفتگو کے دوران کہا کہ ڈاکٹروں کو اپنے متعلقہ یونٹس میں باقاعدگی سے اپنی ڈیوٹی انجام دینے کے باوجود فارغ کردیا گیا ہے۔
ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ انھوں نے کراچی اور حیدرآباد میں پرکشش کام کو چھوڑ کر اپنے آبائی علاقوں میں کام کرنے کو ترجیح دی کیونکہ یہاں دو سال قبل حالات نازک ہونے کے باعث سیکڑوں کی تعداد میں بچے دم توڑ گئے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ انھیں ایک ایسے وقت میں بغیر کسی وجہ کے فارغ کردیا گیا جبکہ صورت حال اب بھی اچھی نہیں ہے اور تھر میں بچوں کی اموات جاری ہیں۔
ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ پانچوں خواتین ڈاکٹروں کی معطلی کے بعد اسلام کوٹ کے تعلقہ ہسپتال میں کوئی خاتون ڈاکٹر موجود نہیں ہوگی۔
 

 

Share this article

Leave a comment