Friday, 29 November 2024


کالے دھن کی معلومات کے لئے ہالینڈ سے رابطہ

 

ایمزٹی وی (تجارت) بیرون ممالک پاکستانیوں کی غیر قانونی دولت و کالے دھن کا سراغ لگانے کیلیے سوئٹزر لینڈ کے بعد ہالینڈ کیساتھ بھی معلومات کے تبادلے کا معاہدہ طے پاگیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ ایف بی آر کے ممبر ٹیکس پالیسی ان لینڈ ریونیو ڈاکٹر محمد اقبال اور چیئرمین ایف بی آر کے خصوصی ایڈوائزر (ایس اے) زبیر امجد ٹوانہ سمیت دیگر اعلیٰ افسران پر مشتمل ٹیم ہالینڈ کے دورے پر گئی ہوئی ہے اور ان کیساتھ معلومات کے تبادلے کے معاہدہ پر دستخط کیے ہیں۔
یاد رہے کہ کچھ عرصہ پہلے سوئٹرز لینڈ کیساتھ بھی معاہدہ کیا گیا تھا جبکہ اس سے قبل پاکستان نے تنظیم برائے اقتصادی تعاون و ترقی (او ای سی ڈی) کی نہ صرف ممبرشپ حاصل کی تھی بلکہ معاہدہ بھی کیا جاچکا ہے۔
واضح رہے کہ اس معاہدے کے تحت 2018 کے آخر سے معلومات کا تبادلہ شروع ہوجائیگا جبکہ پاکستان اور سوئٹزرلینڈ کے درمیان معلومات کا تبادلہ جنوری 2018 سے شروع ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ او ای سی ڈی کیساتھ معاہدے کے تحت پاکستان اور برطانیہ کے درمیان بھی معلومات کے تبادلے کا پائلٹ پراجیکٹ حتمی مرحلے میں ہے اور آئندہ ماہ اعلیٰ سطح کا وفد پاکستان آرہا ہے جس کے بعد پائلٹ پراجیکٹ کو عملی جامہ پہنایا جائیگا۔

 

Share this article

Leave a comment