Friday, 29 November 2024


عام اشیا کی درآمدات میں بے قاعدگیوں کیخلاف کارروائی شروع.

ایمز ٹی وی (کراچی) ڈائریکٹوریٹ جنرل انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن ان لینڈ ریونیو نے روزمرہ استعمال کی پروڈکٹس کی درآمدی سرگرمیوں میں ہونے والی بے قاعدگیوں، انڈرانوائسنگ اور سیلزٹیکس کی چوری کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کردیا ہے۔ ڈائریکٹوریٹ آئی اینڈ آئی کراچی کی جانب سے سوپ، ڈیٹرجنٹ، ایئرفریشنر اورکاسمیٹکس کے ایسے درآمد کنندگان کی فہرست مرتب کرلی گئی ہے جو طویل دورانیے سے ان اشیا کی درآمدات میں انڈرانوائسنگ میں ملوث ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ ڈائریکٹرجنرل آئی اینڈ آئی ہارون محمد ترین اور ڈائریکٹرآئی اینڈ آئی کراچی شمس الہادی نے ایک خفیہ اطلاع پرایڈیشنل ڈائریکٹرز کراچی عقیل احمد صدیقی اور عاصم افتخار کو ہدایت کی کہ وہ انڈرانوائسنگ اور سیلز ٹیکس میں بے قاعدگیوں کی مرتکب کمپنی کے خلاف کریک ڈاؤن کے لیے ٹیم تشکیل دیں جس پرحکام نے ڈپٹی ڈائریکٹر آئی اینڈ آئی کراچی آصف آبڑو کی سربراہی میں چھاپہ مار ٹیم تشکیل دی اور اس ٹیم نے ٹیکنوسٹی کراچی میں مبینہ طور پر انڈرانوائسنگ میں ملوث اے کے بزنس لنک نامی دفتر پر چھاپہ مارا جس کا مالک انیل کمار100 سرفہرست ٹیکس دہندگان میں شامل ہے.۔ ئی اینڈ آئی حکام کا کہنا ہے کہ انہوں نے یہ کارروائی سیلز ٹیکس ایکٹ مجریہ1990 کی شق38 کے تحت کی ہے ۔ چھاپے کے دوران کمپنی کے 3 کمپیوٹرز قبضے میں لے لیے گئے ہیں جنہیں ڈی کوڈ کرکے بے قاعدگیوں کے مزید شواہد اکھٹے کیے جارہے ہیں کیونکہ اطلاع کے مطابق درآمدکنندہ انتہائی کم ویلیوظاہر کرکے بین الاقوامی سطح کے مہنگے برانڈ کے صابن بشمول ہارمونی، لارک، ملک سوپ، پیرزسوپ اودیگر مصنوعات جن میں پیمپرزاور ایئرفریشنرز شامل ہیں کی کسٹمز کلیئرنس حاصل کرتا رہا ہے اور مقامی مارکیٹ میں 350 فیصد منافع پر ان مصنوعات کو فروخت کرتا رہا ہے۔

Share this article

Leave a comment