ایمزٹی وی (مظفرآباد) مظفرآبادمیں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے متحدہ جہاد کونسل کے سربراہ سید صلاح الدین نے کہا ہے کہ امریکہ اور بھارت نے سی پیک کو متاثر کرنے کے لیے پاکستان دشمنی میں مجھے دہشت گرد قرار دیا ہے امریکہ اور بھارت ملکر ٹی ٹی پی اور داعش کو پاکستان کے خلاف استعمال کرکے سی پیک کیخلاف سازشوں میں مصروف ہیں۔
امریکا نے کل تک مودی کو دہشتگرد قرار دیا تھا آج وہ اس کا قریبی دوست کیسے بن گیا، مجھے دہشتگرد قرار دینے کے پیچھے سی پیک کو متاثر کرنے کی پاکستان دشمنی کار فرما ہے ۔سید صلاح الدین نے کہا کہ متحدہ جہاد کونسل نے کبھی بھی دہشتگرد کارروائی میں حصہ نہیں لیا ۔کشمیری حریت پسندوں نے بھارت کے جابرانہ قبضے کیخلاف ہتھیار اٹھارکھے ہیں۔
وسائل اور اسلحہ کے باوجود مقبوضہ کشمیر سے باہر بھارت کیخلاف کارروائیاں نہیں کیں ۔ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق آزاد ی کی جدوجہد جاری رکھی ہوئی ہے اور حق خودارادیت کے حصول تک اپنی تحریک جاری رکھیں گے ۔ بھارت کشمیر میں ہر محاذ پر کشمیریوں کو نقصان پہنچانے کی کوششوں میں لگا ہوا ہے ۔
سید صلاح الدین نے کہا کہ اسرائیل ، بھارت اور امریکا کو سی پیک سے مروڑ اٹھ رہے ہیں اور وہ اس کو سبوتاژ کرنے کیلئے داعش اور ٹی ٹی پی کو پیسہ فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد اقوام متحدہ کے چارٹر کے عین مطابق ہے جبکہ کشمیری عسکریت پسند آزادی پسند ہیں نہ کہ دہشتگرد۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر کے تاجروں کو یقین دلایا کہ وہ جی ایس ٹی کے معاملے میں انکے ساتھ ہیں ۔
قبل ازیں مظفرآباد آمد پر سید صلاح الدین کا شاندار استقبال کیا گیا، مجاہدین کا دستہ انہیں نیلم چوک سے اپنے گھیرے میں ریلی کی صورت میں گیلانی چوک لایا ۔ عوام نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں، آزادی کے حق اور بھارت کے خلاف نعرے لگائے گئے۔