Friday, 29 November 2024


سرکاری اور نجی جامعات و انسٹی ٹیوشز کے لئے مفت ٹیسٹ لینے کا اعلان

 

ایمزٹی وی (تعلیم/ کراچی)ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کے تحت ملک کے پہلے سرکاری ٹیسٹنگ ادارے ایجوکیشن ٹیسٹنگ کونسل (ای ٹی سی) نے ملک بھر کی سرکاری اور نجی جامعات و انسٹی ٹیوشز کے لئے مفت ٹیسٹ لینے کا اعلان کر دیا ہے۔
اس ٹیسٹ کے تحت انٹر کرنے والے طلبہ، میڈیکل کالجز، انجینئرنگ کالج اور دیگر پیشہ ور اداروں میں داخلے کے اہل ہو جائیں گے۔ اس انڈر گریجویٹ ٹیسٹ کو مختلف درجوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ایک ٹیسٹ انجینئرنگ کے لئے، دوسرا میڈیکل کےلئے، تیسرا آرٹس/ سوشل سائنس کے لئے، چوتھا کمپیوٹر سائنس کے لئے اور پانچواں کامرس کے لئے ہوگا۔ ٹیسٹ کے لئے آن لائن فارم جمع ہوں گے جس کے لئے رجسٹریشن کی آخری تاریخ 12 جولائی مقرر کی گئی ہے۔
ٹیسٹ بیک وقت پورے پاکستان میں منعقد ہونگے۔ ٹیسٹ کی تاریخ کا اعلان جلد کر دیا جائے گا۔ جن جامعات، انسٹی ٹیوٹس اور کالجوں کے لئے یہ ٹیسٹ اہل ہوگا ان کے نام ہائر ایجوکیشن کمیشن نے اپنی ویب سائٹس پر جاری کر دیئے ہیں۔ ڈائو میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر سعید قریشی نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے ٹیسٹ لینے کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ ایس ای سی مفت ٹیسٹ لے رہا ہے اس سے طلبہ کو ریلیف ملے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم ایچ ای سی کے تحت ٹیسٹ دینے کو تیار ہیں لیکن ہم محکمہ صحت کے ماتحت ہیں اور یہ پالیسی وی ترتیب دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایم ڈی سی پہلے ہی نجی اور سرکاری جامعات کے ٹیسٹ ایک ساتھ کرنے کی ہدایت کر چکی ہے لیکن اس پر کچھ میڈیکل کالجز کے تحفظات ہیں جس کی وجہ سے نجی اور سرکاری میڈیکل کالجوں کا ایک ساتھ ٹیسٹ ممکن ہوتا نہیں دکھائی دے رہا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل جامعات کے داخلہ ٹیسٹ ان ٹی ایس لیتا تھا، تاہم لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے اور این ٹی ایس کے خلاف بڑھتی ہوئی شکایات کے باعث ہائر ایجوکیشن کمیشن نے اپنی ٹیسٹ سروس متعارف کرادی ہے۔

 

Share this article

Leave a comment

comments12