Thursday, 28 November 2024


بچوں میں سائنسی معلومات اجاگر کرنے کیلئےموبائل سائنس لیبارٹریز کا افتتاح

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد) وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی رانا تنویر اور وفاقی وزیر احسن اقبال نے پاکستان سائنس فاؤنڈیشن کے تحت موبائل سائنس لیبارٹریز کا افتتاح کردیا ہے جو 10 بسوں پر مشتمل ہیں۔
ان موبائل سائنس لیبارٹریز کا مقصد تجربات کے ذریعے اسکول کے بچوں میں سائنس کا شوق پیدا کرنا اور انہیں تحقیق و ایجادات کی طرف مائل کرنا ہے۔ ایسی ہر بس میں میٹرک کی سطح پر پاکستانی نصاب میں شامل کیمسٹری اور فزکس کے تجربات رکھے گئے ہیں جبکہ سائنس میں بچوں کی دلچسپی بڑھانے کےلیے معلوماتی سائنسی دستاویزی فلموں (ڈاکیومنٹریز) کا اہتمام بھی کیا گیا ہے جو بس میں نصب ایل ای ڈی پر دکھائی جائیں گی۔
موبائل لیبارٹریز ملک بھر کے ایسے اسکولوں میں بھیجی جائیں گی جہاں بچوں کےلیے سائنسی تجربات کی سہولیات کا فقدان ہے۔ پاکستان سائنس فاؤنڈیشن کے ’’سائنس پاپولرائزیشن ڈویژن‘‘ میں گزشتہ 25 سال سے ’’سائنس کاروان‘‘ بھی یہی کام کرتے آرہے ہیں جسے سائنس لیبارٹریز کے طور پر جدید روپ دیا گیا ہے جو موجودہ دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ بھی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان سائنس فاؤنڈیشن کے ’’ٹیلنٹ فارمنگ پروگرام‘‘ کے تحت میٹرک میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے بچوں کو اسکالرشپس بھی دی جاتی ہیں تاکہ ملک بھر سے سائنس کے شعبے میں ٹیلنٹ کو پروان چڑھایا جائے۔

 

Share this article

Leave a comment

comments8