Thursday, 28 November 2024


چیمپئنزٹرافی2017, سرفراز الیون کے لئے آئی سی سی کی جانب سےکروڑوں کا انعام

 

ایمزٹی وی (اسپورٹس)چیمپئنز ٹرافی کے فاتح پاکستانی اسکواڈ کیلیے آئی سی سی نے22 لاکھ ڈالر پی سی بی کو بھیج دیے تاہم اسے آئندہ ہفتے کھلاڑیوں میں تقسیم کیا جائے گا۔
انگلینڈ میں منعقدہ چیمپئنز ٹرافی جیتنے پر پاکستانی کرکٹ ٹیم نے خودکو22 لاکھ ڈالر(تقریباً 23 کروڑ پاکستانی روپے) کا حقدار ثابت کیا، یہ رقم گزشتہ دنوں آئی سی سی نے پی سی بی کو بھیج دی، ذرائع نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اس میں کوئی ٹیکس کٹوتی نہیں ہوئی اور کونسل نے پوری رقم کا چیک بھیجا ہے، حساب کتاب کے بعد اسے تقسیم کر دیا جائے گا،16 کھلاڑیوں کا ایک، ایک حصہ ہو گا، انجری کے سبب پہلے ہی میچ کے بعد وطن واپس جانے والے وہاب ریاض بھی ان میں شامل ہیں،ایک حصہ13 رکنی ٹیم مینجمنٹ کا ہے۔
محتاط اندازے کے مطابق ایک کھلاڑی کے حصے میں ایک کروڑ 35 لاکھ روپے سے زائد رقم آئے گی، ٹیم مینجمنٹ کے ہر رکن کو 10لاکھ روپے تک مل سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ وزیر اعظم نواز شریف نے بھی ہر کھلاڑی کوایک، ایک کروڑ روپے دیے تھے،کرکٹ بورڈ نے10، 10 لاکھ جبکہ دیگر نجی اداروں نے بھی بھاری رقم بطور انعام دی، یوں کھلاڑیوں پر ان دنوں ہر طرف سے نوٹوں کی بارش ہو رہی ہے، البتہ اس دوران بعض بدمزگیوں کی اطلاعات بھی سامنے آئیں جس کی وجہ سے پی سی بی حکام چوکنا ہو گئے ہیں۔
واضح رہے کہ سرفراز احمد کی زیر قیادت پاکستانی کرکٹ ٹیم نے پہلے میچ میں بھارت سے بدترین شکست کے بعد فائنل میں روایتی حریف کو ہی مات دے کر ٹرافی اپنے نام کی تھی۔

 

Share this article

Leave a comment