Thursday, 28 November 2024


امجدصابری قتل کیس فوجی عدالت پہنچ گیا

 

ایمزٹی وی(کراچی)حکومتِ سندھ نے معروف قوال امجد صابری قتل کیس کو فوجی عدالت منتقل کرنے کی منظوری دے دی۔
میڈیا ذرائع کے مطابق انسداد دہشت گردی کی عدالت میں امجد صابری قتل کیس کی سماعت ہوئی جس میں دو مرکزی ملزمان کو پیش کیا گیا۔ پولیس نے عدالت کو آگاہ کیا کہ حکومت سندھ نے ملزمان اسحاق بوبی اور عاصم کیپری کے تمام مقدمات فوجی عدالت بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ملزمان کے خلاف امجد صابری، ملٹری پولیس اور رینجرز اہلکاروں کو قتل کرنے، پولیو ورکرز حملہ کیس سمیت 22 سے زائد مقدمات زیر سماعت ہیں۔ پولیس کے مطابق معاملہ اپیکس کمیٹی کو ارسال کردیا گیا ہے اور کمیٹی کی منظوری کے بعد مقدمات فوجی عدالت بھیج دیئے جائیں گے۔ انسداد دہشت گردی عدالت نے امجد صابری کیس کی سماعت 24 اگست تک ملتوی کردی جب کہ سماعت میں ملزمان کو مقدمات کی نقول فراہم نہ کی جاسکی۔
واضح رہے کہ 22 جون کو کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں موٹر سائیکل سوار ملزمان نے امجد صابری کی گاڑی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے تھے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے امجد صابری کو قتل کرنے کے الزام میں دو ملزمان اسحاق بوبی اور عاصم کیپری کو گرفتار کیا تھا۔

 

Share this article

Leave a comment