Friday, 29 November 2024


پاپ سنگر کی ملکہ نازیہ حسن کو مداحوں سےبچھڑے17 برس بیت گئے

 

ایمزٹی وی (انٹرٹینمنٹ)برصغیر میں پاپ میوزک متعارف کرانے والی نازیہ حسن كو ہم سے بچھڑے 17 برس بیت گئے لیکن وہ آج بھی اپنے مداحوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔
3 اپریل 1965 کو کراچی میں میں پیدا ہونے والی پاپ اسٹار نازیہ حسن نے اپنے فنی کیریئرکا آغاز15 برس کی عمرمیں پاکستان ٹیلی وژن سے کیا، نازیہ حسن نے کم عمری میں ہی اپنی فنی صلاحیتوں کا لوہا منوانا شروع کردیا تھا تاہم انہیں عالمی سطح پراس وقت شہرت ملی جب انہوں نے بھارتی پروڈیوسر وہدایت کار فیروز خان کی فلم “قربانی” کا مشہور گیت “آپ جیسا كوئی میری زندگی میں آئے” ریکارڈ کروایا، اس گانے نے نازیہ حسن كو راتوں رات سپراسٹار بنا دیا اور اس طرح وہ پاكستان كے ساتھ بھارتی میوزک انڈسٹری کا بھی جانا پہچانا نام بن گئیں،اس گیت کیلئے انہیں فلم فیئرایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔
نازیہ حسن كا پہلا البم “ڈسكو دیوانے تھا جس نے كامیابی كے نئے ریكارڈ قائم كئے، اس البم میں ان كے بھائی زوہیب حسن نے بھی اپنی آواز كا جادو جگایا، بہن بھائی كی اس جوڑی نے بعد میں بھی كئی یادگار گیت گائے۔ “ڈسكو دیوانے” كے بعد اگلے 10 سالوں میں نازیہ كے 4 مزید البم “بوم بوم”،”ینگ ترنگ”، “ہاٹ لائن” اور “كیمرہ كیمرہ” ریلیز ہوئے اور تمام البمزان كی كامیابی اورمقبولیت كے گراف میں اضافہ كرتے چلے گئے۔
نازیہ حسن نے اپنے كیرئیر میں مجموعی طور پر20 سے زائد میوزک ایوارڈ حاصل كئے جن میں بالی ووڈ كا سب سے بڑا فلم فیئر ایوارڈ بھی شامل ہے۔ وہ اپنے منفرد انداز اور ہٹ گیتوں كے باعث نئے سنگرز كے لئے رول ماڈل بن چكی تھیں، كیرئیر كے عروج میں ہی نازیہ حسن كو پھیپھڑوں كا كینسر لاحق ہوگیا جس كے باعث وہ 13 اگست 2000 كو لندن كے اسپتال میں 35 برس کی عمر میں انتقال كرگئیں۔
میوزک كی دنیا میں لاتعداد خدمات كے نتیجے میں حكومت پاكستان نے نازیہ حسن كو اعلیٰ ترین سول ایوارڈ “پرائڈ آف پرفارمنس” سے بھی نوازا۔

 

Share this article

Leave a comment