Friday, 29 November 2024


جامعہ کراچی میں ڈین آف سائنسزکی تقرری کا معاملہ غیرمعمولی تاخیر کا شکار

 

ایمز ٹی وی(تعلیم) جامعہ کراچی میں مستقل ڈین آف سائنسز کی تقرری کا معاملہ غیرمعمولی تاخیر کا شکار ہوگیا ہے اورپروفیسر تسنیم آدم علی کو مستقل ڈین مقرر کرنے کی سمری گورنر ہائوس کی بیوروکریسی نے روک لی ہے۔ جامعہ کراچی کے مستقل ڈین آف سائنسز ڈاکٹر افروز الدین مئی میں ریٹائرڈ ہوئےتھے اور جامعہ کراچی نے بروقت سنیارٹی کی بنیاد پر تین نام گورنر ہائوس بھیج دیئے۔ جن میں سنیارٹی کے لحاظ سے پہلے نمبر پر21گریڈ کی شعبہ خرد حیاتیات کی پروفیسر تسنیم آدم علی دوسرے نمبر پر شعبہ حیاتیاتی کیمیائی کی 21گریڈ کی پروفیسر وقار سلطانہ اور تیسرے نمبر پر اسی شعبے کی گریڈ22(پرسنل گریڈ) کی ڈاکٹر تبسم محبوب کے نا م شامل تھے۔ تاہم گورنر ہائوس نے ڈین مینجمنٹ سائنسز کی طرح یہاں بھی تاخیر کی ہے۔

ذرائع کے مطابق گورنر ہائوس میں پرسنل22گریڈ رکھنے والی خاتون کو ڈین مقرر کرنے کے لئے سفارش کی گئی اور کہا گیا کہ ان کا گریڈ زیادہ ہے لہٰذا ڈین انہیں ہونا چاہئے تاہم 22گریڈ کیڈر گریڈ نہیں ہوتا پرسنل ہوتا ہے۔ اور سنیارٹی اورگریڈ کے لحاظ سے پروفیسر تسنیم آدم علی کا پہلا نمبر ہے۔

جامعہ کراچی کے ایک سینئر پروفیسر کے مطابق اگر گریڈ کے لحاظ سے عہدہ دیا جائے تو پھر وائس چانسلر 22گریڈ کا پروفیسر ہی ہمیشہ بنتے جبکہ موجودہ وائس چانسلر ڈاکٹر اجمل 21گریڈ میں 5سال قبل ریٹائرہوئے تھے۔ گورنر ہائوس کے ایڈیشنل سیکرٹری جنید نے بتایا کہ ڈین آف سائنسز کے معاملے پر کچھ تاخیر اس لئے ہوئی کہ کچھ سوالات تھے جن کی وجہ سے معاملہ رکا ہوا ہے جلدہی مستقل ڈین کا تقرر کردیا جائے گا۔

 

Share this article

Leave a comment