Friday, 29 November 2024


ایک سال پرانے خط پر اعزاز چوہدری کاشدید ردعمل

 

ایمزٹی وی (واشنگٹن)پاکستان کے بھارت میں تعینات سابق ہائی کمشنر عبدالباسط کے خط پر اپنے رد عمل میں اعزاز چوہدری کاکہنا تھا کہ عبدالباسط نے مجھے ایک خط لکھا جو اب سوشل میڈیا پر گردش کر رہا ہے، یہ خط بہت ہی ناشائستہ تھا اس لیے اس پر جواب دینا ضروری نہیں تھا،ان کا یہ سوچنا غلط ہے کہ وہ میری وجہ سے سیکرٹری خارجہ نہیں بن پائے، ریٹائر ہونے کے باوجود ان کی جلن ختم نہیں ہوئی، میں نے اس خط پر چاروں قل اور بالخصوص سورة الفلق پڑھ دی تھی اور اسے نظر انداز کردیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے ملک کی بھرپور صلاحیتوں کے ساتھ خدمت کی ہے، ہم میں سے عبدالباسط جیسے بعض لوگ یہ سمجھنے میں ناکام ہوگئے کہ زندگی انسانی کوششوں اور قسمت کے تال میل کا نام ہے۔ زندگی ہمیں جو بھی دیتی ہے اسے قبول کرنا چاہیے اور خدا کا شکر گزار ہونا چاہیے،غیر ضروری چیخ وپکار اور دوسروں پر کیچڑ اچھالنے سے کچھ حاصل نہیں ہوتا۔
اعزازچوہدری کا مزید کہنا تھامتعدد ساتھیوں نے عبدالباسط کے غیر پیشہ وارانہ رویے پر اظہار نا پسندیدگی کیا اور میرے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ میں نے اس بیہودہ خط کا جواب نہ دینے کا فیصلہ کرکے معاملہ اللہ کے سپرد کردیا تھا، اب یہ معاملہ چونکہ سوشل میڈیا پر آچکا ہے اس لیے میں نے یہ ضروری سمجھا کہ آپ لوگوں کے سامنے اس خط پر اپنے تحفظات کا اظہار کروں۔
واضح رہے کہ بھارت میں تعینات پاکستان کے سابق ہائی کمشنر عبدالباسط نے ایک خط لکھا تھا جس میں انہوں نے اعزاز چوہدری کو بدترین سفارتکار قرار دیا تھا، یہ خط منگل کے روز ایک سال سے بھی زائد عرصہ گزر جانے کے بعد منظر عام پر آیا ہے

 

Share this article

Leave a comment