ایمز ٹی وی(اسلام آباد)ملک بھرکی 42 کنٹونمنٹس میں بلدیاتی انتخابات کا میدان کل سجے گا جس میں 18 لاکھ سے زائد ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے جبکہ بیلٹ پیپر پر امیدوار کے نام کے بجائے انتخابی نشان ہو گا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق 199 جنرل کونسلرزکے انتخاب کیلئے 1300 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، انتخابی عمل میں 10 ہزار سے زائد افراد پر مشتمل عملہ حصہ لے گا۔خواتین اور مخصوص نششتوں کا انتخاب کونسلر کریں گے جبکہ 20 لاکھ سے زائد سفید بیلٹ پیپر پریزائیڈنگ افسران کے حوالے کر دیے گئےہیں۔ بلدیاتی انتخابات کیلئے ریٹرننگ افسران کو مجسٹریٹ درجہ اول کے اختیارات دیے گئے ہیں۔ ملک کی 42 کنٹونمنٹس میں سے 11 کنٹونمنٹس میں دس نشستوں،7 کنٹونمنٹس میں 5،ایک میں 4 نشستوں ، 4 کنٹونمنٹس میں 3 نشستوں اور 19 کنٹونمنٹس میں دو، دو نشستوں پر مقابلہ ہو گا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے کامیاب امیدواروں کی کامیابی کا نوٹیفکیشن 28اپریل کو جاری کیا جائے گا