Friday, 29 November 2024


ٹماٹر مہنگے ہونے کی اصل وجہ سامنے آگئی

 

ایمزٹی وی(تجارت)ترجمان محکمہ زراعت شعبہ مارکیٹنگ پنجاب نے کہا ہے کہ ٹماٹر کی قیمت میں اضافے کی بڑی وجہ بلوچستان میں فصل کا خراب ہونا ہے۔ ترجمان محکمہ زراعت کا کہنا ہے کہ گزشتہ کئی سال سے پاکستان کو ٹماٹر کی کمی کا سامنا رہا جس پر حکومت کو اپنا قیمتی زرمبادلہ خرچ کرنا پڑتا رہا اور صارف کو مہنگی قیمت پر خریدنا پڑتا رہا جس کی وجہ سے ہمارے ٹماٹر کے کاشت کار کی حوصلہ شکنی ہوتی رہی، ملک کو ٹماٹر میں خود کفیل بنانے کیلیے جامع حکمت عملی مرتب کی جس کے تحت دوسرے صوبوں کے محکمہ زراعت کو اس منصوبہ بندی کے بارے آگاہ کیا گیا۔؎ اس پالیسی پر دوسرے صوبوں نے جامع انداز میں عمل کیا، عید الاضحی تک ٹماٹر کی قیمت مستحکم رہی لیکن بارشوں کی وجہ سے بلوچستان اور سندھ میں فصل خراب ہو گئی، خیبرپختونخوا میں موسم کی تبدیلی کی وجہ سے فصل بروقت نہ آسکی، عید پر ٹماٹر کی ضرورت میں اضافہ ہوگیا جس سے اس کی قیمت بھی بڑھ گئی ، حکومت نے صورت حال کا جائزہ لیتے ہوئے نجی طور پر افغانستان اور ایران سے ٹماٹرمنگوائے ہیں۔ ترجمان کے مطابق پیاز کی قیمت کنٹرول میں ہے، پیاز بلوچستان اور سندھ سے آرہی ہے، پیاز کی قیمت میں مزید کمی متوقع ہے، جب سے قیمتیں بڑھی ہیں منافع خوروں نے بھی سر اٹھا لیا ہے اور ضلعی حکومتیں ڈپٹی کمشنر کی زیرنگرانی منافع خوروں کے خلاف کارروائی میں مصروف ہیں، سبزیوں اور پھلوں کی رسد کو مناسب قیمتوں پرمہیا کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

 

Share this article

Leave a comment