Saturday, 30 November 2024


عالمی رینکنگ میں محمد وسیم کا نمبر ون ہونے کا اعزاز برقرار

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)پاناما میں ہونے والے باکسنگ مقابلے میں محمد وسیم نے کارلوس میلیو کو چت کرتے ہوئے ورلڈ باکسنگ کونسل (ڈبلیو بی سی) انٹرنیشنل رینکنگ فائٹ جیت لی۔ پاکستانی کھلاڑی نے پہلے راؤنڈ میں ہی مخالف کو ناک آؤٹ کرتے ہوئے فلائی ویٹ کیٹگری کی عالمی رینکنگ میں نمبر ون ہونے کا اعزاز برقرار رکھا۔
محمد وسیم کی اپنے پروفیشنل کیریئر کی یہ آٹھویں فائٹ تھی جب کہ باکسر کارلوس کی یہ 44 ویں فائٹ تھی تاہم محمد وسیم نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے سے زیادہ تجربہ کار کھلاڑی کو شکست سے دوچار کیا۔ واضح رہے کہ کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے محمد وسیم اپنی تمام انٹرنیشنل فائٹس میں ناقابل شکست رہے ہیں۔ 30 سالہ محمد وسیم کی رواں سال یہ تیسری فائٹ تھی اور انہوں نے جولائی میں پاناما کے ہی دو باکسرز ایوان ٹریجوس اور ایلیسر والڈیز کو دھول چٹائی تھی۔
ورلڈ باکسنگ کونسل کی عالمی رینکنگ میں محمد وسیم فلائی ویٹ کیٹیگری میں پہلے، میکسیکو کے باکسر فرانسسکو روڈریگوئز جونیئر دوسرے اور برطانوی باکسر اینڈریو سیلبی تیسرے نمبر پر ہیں۔ محمد وسیم یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی باکسر ہیں۔ خیال رہے کہ محمد وسیم پروفیشنل باکسر بننے کے بعد امریکہ کے شہر لاس ویگس میں مقیم ہیں جہاں وہ مشہور باکسر فلائیڈ مے ویدر کے ٹریننگ سینٹر میں ٹریننگ کرتے ہیں اور فلائیڈ مے ویدر کے چچا جیف مے ویدر ان کےٹرینر ہیں۔
محمد وسیم کے پروموٹر کا کہنا تھا کہ باکسر کی نظریں گولڈ فلائی ویٹ ورلڈ چیمپیئن بننے پر مرکوز ہیں اور وہ موجودہ عالمی چیمپیئن جاپان کے ڈیاگو ہیگا کو چیلنج کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

 

Share this article

Leave a comment