ایمز ٹی وی (تجارت)جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے عوام کے ساتھ سراسر ظلم قرار دیا، بے روزگاری و مہنگائی کے مارے عوام کو ریلیف دینے کی بجائے قیمتوں میں اضافہ عوام کے منہ سے روٹی کا آخری نوالہ چھیننے کے مترادف ہے، حکمرانوں کے عوام دشمن اقدامات سے لگتا ہے کہ وہ ملک سے غربت کی بجائے غریب ختم کرو کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں. پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ سے مہنگائی مزید بڑھے گی جس کا خمیازہ عام آدمی کو ہی بھگتنا پڑے گا.
انہوں کہا کہ جس کو کرپشن اور بددیانتی کی وجہ سے عدالت نے نا اہل قرار دیا اس شخص کو پھر مسلط کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، نا اہل اور کرپٹ قیادت کی وجہ سے آج ملک 75 ارب ڈالرز کا مقروض اور قوم کا بچہ بچہ بیرونی اداروں کے قرضوں میں جکڑا ہوا ہے،.
انہوں نے زور دیا کہ مہنگائی کو کنٹرول اور مفاد عامہ کی خاطر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کیا گیا اضافہ واپس لیا جائے اورعالمی منڈی کی مطابق پاکستان میں بھی تیل کی قیمتیں مقرر کی جائیں ۔