Friday, 29 November 2024


ماہرہ خان کی نئی فلم اگلے ماہ سینما گھروں کی زینت بنے گی

 

ایمزٹی وی(انٹرٹینمنٹ)معروف اداکارہ ماہرہ خان کی نئی فلم “ورنہ”کی تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں جب کہ فلم 17نومبر 2017کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں بڑے پردے کی زینت بنے گی۔
فلم کی پہلی ویڈیو بطور ٹیزر”پاور ڈی گیم“ ایک ریپ سانگ ہے جسے اسلام آباد کے میوزیشن Xpolymer Darنے گایا ہے، جو کہ حال ہی میں ریلیز ہوا ہے، فلم کے گانے بھی شعیب منصور نے لکھے ہیں۔ جاندار موسیقی کے استعمال اورماہرہ خان کی روایتی انداز سے ہٹ کر اداکاری نے فلم کے ٹیزر میں جان بھردی ہے۔
فلم کے ڈائریکٹر اور پروڈیوسر شعیب منصور کا کہنا تھا کہ مقصد سے بھرپور فلموں پر یقین رکھتا ہوں اور فلموں کی کہانیاں بھی حقیقت سے قریب تر اور دل کو چھولینے والی ہوتی ہیں، فلم “ورنہ”بھی اس سے کچھ الگ نہیں ہے، فلم میں مرد اور خواتین دونوں کو آگاہی فراہم کرنے کی ادنیٰ سی کاوش ہے جس میں خواتین کو ان کے حقوق کے لیے کھڑے ہونے اور مرد حضرات کو ان کے برابری کے حقوق کو تسلیم کرنے کا سبق دیا گیا ہے۔
فلم کی کہانی ماہرہ خان کے گرد گھومتی دکھائی دیتی ہے جس نے ہنسی خوشی (عامی) ہارون شاہد سے شادی کی ہے، شادی کے بعد ان کی شادی شدہ زندگی کا کچھ حصہ غیر معمولی مسائل سے دوچار ہوجاتا ہے، فلم کی کہانی کے ساتھ ہدایات اور پیش کش کے تمام فرائض”خدا کے لیے”، “بول”جیسی مایہ ناز فلموں میں نئے چہروں کو متعارف کرنے والے شعیب منصور نے نبھائے ہیں۔
شعیب منصور ہی نے فلم بول میں ماہرہ خان اور عاطف اسلم جبکہ فلم خدا کے لیے میں ایمان علی اور فواد خان کو متعارف کرایاتھا اور اس بار وہ اپنی فلم”ورنہ “میں کوک اسٹوڈیو میں گائے ہوئے گانوں “بلیئے، تم کہو اور کوئی لبدا “سے شہر ت پانے والے ہارون شاہد کو متعارف کرانے جارہے ہیں۔ فلم میں ہارون شاہد کو برعکس دکھایا گیا ہے جبکہ فلم کے باقی کرداروں میں ضرار خان، نیمل خاور اور رشید ناز شامل ہیں۔

 

Share this article

Leave a comment