Friday, 29 November 2024


مکی آرتھر کی پاکستان کرکٹ ٹیم کو آخری وارننگ

ایمز ٹی وی (اسپورٹس) آج ابوظہبی کے شیخ زید کرکٹ سٹیڈیم میں ہونے والے دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان نے سری لنکن ٹیم کا بستر گول کرنے کی پوری تیار ی کرلی ہے تاہم احمد شہزاد کو ایک اور چانس دینے پر ٹیم انتظامیہ تذبذب کا شکار ہے۔ قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد پہلے میچ کا فاتح سکواڈ برقرار رکھنے پر اصرار کررہے ہیں تاہم قومی ٹیم کے ہیڈکوچ جو ٹورسلیکشن کمیٹی کے سربراہ بھی ہیں، ٹیم میں ایک تبدیلی کے خواہشمند ہیں اور امکان ہے کہ احمد شہزاد کو ہی جگہ ملے گی۔ اس سلسلے میں ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے باصلاحیت نوجوان اوپنر امام الحق کو دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ کیلئے سٹیڈ بائی کردیا ہے تاہم حتمی فیصلہ آج پچ کی صورتحال دیکھنے کے بعد کیا جائے گا، احمد شہزاد کیلئے یہ سیریز اپنی فارم ثابت کرنے کا آخری موقع ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سرفراز احمد نے قومی اوپنر کو ایک اور موقع دینے کی سفارش کی ہے لیکن ہیڈکوچ مکی آرتھر اس سیریز میں 0.5 سے کامیابی کی تاک میں ہیں اور وہ اصولوں پر کسی قسم کا سمجھوتا کرنے کیلئے آمادہ نہیں۔

ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ ٹیم انتظامیہ نے کھلاڑیوں کو پورا موقع دیا ہے جو کھلاڑی ناکام ہوئے ہیں، اب ان کے پاس اس بات کا جواز نہیں کہ انہیں موقع نہیں مل سکا۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی تنبیہہ کی کہ کھلاڑی اگر فارم بحال نہیں کرسکتے تو ملک جاکر فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلیں اور اپنی خامیوں پر قابو پائیں۔ دوسری جانب گرین شرٹس بدستور بکیوں کی فیورٹ ٹیم ہے۔ دوسرے میچ میں پاکستانی ٹیم کا بھاﺅ 20.1 پیسہ رکھا گیا ہے، جبکہ آئی لینڈرز کے ریٹ 00.2 پیسہ مقرر کئے گئے ہیں۔

ادھر اعدادوشمار کے مطابق شیخ زید سٹیڈیم میں دونوں ٹیمیں پانچ بار آمنے سامنے آچکی ہیں۔ ان میں سے پاکستان نے تین میچوں میں کامیابی حاصل کی جبکہ سری لنکن کرکٹ ٹیم نے دوبار پاکستان کو شکست دی۔ مجموعی طور پر اس سٹیڈیم میں پاکستانی ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے تو گرین شرٹس نے یہاں اب تک 30 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے ہیں۔

جن میں سے 14 میچز میں کامیابی ملی۔ یہاں پاکستان کا سب سے ہائی سکور 313 رہا، جو 2007ءمیں سری لنکا کے خلاف سکور کئے گئے تھے جبکہ اس سٹیڈیم میں پاکستانی ٹیم کا کم ترین سکول 217 ریکارڈ کیا گیا، جو انگلینڈ کے خلاف 2015ءمیں بنائے گئے تھے۔ اس میچ میں پاکستانی ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ شیخ زید سٹیڈیم میں موجود قومی ٹیم میں شامل شعیب ملک اور محمد حفیظ کا ریکارڈ انتہائی شاندار رہا ہے۔

شعیب ملک نے یہاں 17 میچوں میں 408 رنز بنائے ہیں جبکہ پروفیسر نے 14 میچوں میں 507 رنز بنائے ہیں تاہم موجودہ ٹیم میں شامل کسی بھی باﺅلر کا نام اب تک اس سٹیڈیم کے ریکارڈ بک میں شامل نہیں۔ دوسری جانب پچ پورٹ کے مطابق ٹاس جیتنے والی ٹیم کو میچ میں سبقت حاصل ہوگی جبکہ گراسی وکٹ پر باﺅلرز کا راج ہوگا۔ دریں اثناءپاکستان اور سری لنکا دوسرے ون ڈے میں آج آمنے سامنے ہوں گے۔ میچ ابوظہبی کے شیخ زید سٹیڈیم میں پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر چار بجے کھیلا جائے گا۔ اس میچ میں فاسٹ باﺅلر حسن علی مسلسل چھ میچوں میں تین وکٹیں لے کر ریکارڈ توڑنے کیلئے پرعزم ہیں۔ فاسٹ باﺅلر محمد عامر کی غیر موجودگی میں حسن علی پر قومی ٹیم کا انحصار ہوگا۔ پاکستان کو پانچ میچوں کی سیریز میں 0.1 کی برتری حاصل ہے۔ واضح رہے کہ دبئی میں کھیلے گئے پہلے میچ میں گرین شرٹس نے آئی لینڈرز کو 83 رنز کے واضح مارجن سے شکست دی تھی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا ون ڈے 18اکتوبر کو ابوظہبی میں کھیلا جائے گا۔

چوتھا ون ڈے 20 اکتوبر کو جبکہ پانچوں اور آخری ون ڈے 23 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز کھیلی جائے گی۔ حسن علی نے مسلسل پانچویں میچ میں تین شکار کرکے دھاک بٹھارکھی ہے۔ ایک انٹرویو میں حسن علی کا کہنا تھا کہ وہ عمر گل کا مسلسل چھ بار یہ کارنامہ انجام دینے کا ریکارڈ توڑنے کیلئے پرعزم ہیں اور ورلڈ کپ میں بہترین باﺅلر بننا ان کا ہدف ہے۔

 

Share this article

Leave a comment