Friday, 29 November 2024


معاشرے، قومیں اورمذاہب بہت سی تبدیلیوں سےگزرتےرہتے ہیں، سیمینار

 

ایمزٹی وی(تعلیم)نیشنل کالج آف آرٹس کے شعبہ کلچرل اسٹڈیز کے زیر اہتمام شاکر علی آڈیٹوریم میں مشہور آسٹریلین آرکیٹکچر اور آرکیولوجسٹ ڈاکٹر راس برنز کے ایک خصوصی لیکچر کا اہتمام کیا گیا جس میں ڈاکٹر راس رنز نے لیکچر کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ ماضی میں کس طرح مندر، مساجد اور گرجا کام کرتے رہے ہیں۔ تہذیبوں کی تاریخ کے اس سفر کے تناظر میں ڈاکٹر راس برنز نے اپنے مشاہدے اور تاریخ کے مختلف پہلوﺅں کا حوالہ بھی دیا۔

22883409 901506033342058 1333869166 n

انہوں نے بتایا کہ معاشرے، قومیں اور مذاہب بہت سی تبدیلیوں سے گزرتے رہتے ہیں۔ اپنے لیکچر میں معروف اور نامور اسکالر نے مختلف خطوں کی تاریخ کے بہت سے ریسرچ کئے ہوئے پہلوﺅں کا بہت خوبصورتی سے ذکر کیا۔ نیشنل کالج آف آرٹس کے شعبہ کلچرل اسٹڈیز اور آسٹریلین ہائی کمیشن کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے اس لیکچر میں کالج فیکلٹی اور طلبا وطالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ لیکچر کے اختتام پر طلبا وطالبات نے معروف اسکالر ڈاکٹر راس برنز سے آرٹ کی تاریخ کے حوالے سے مختلف سوالات بھی کئے۔ لیکچر ختم ہونے پر لیکچر کے معزز مہمانوں کو کالج کے چائے خانہ میں ضیافت بھی دی گئی اور انہوں نے کالج کے مختلف سعبوں کا دورہ بھی کیا۔

22811611 901505973342064 360876365 n

کالج سے رخصت ہوتے ہوئے آسٹریلین ہائی کمشنر مس مارگریٹ ایڈمسن نے پرنسپل نیشنل کالج آف آرٹس کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا کہ پروفیسر ڈاکٹر مرتضیٰ جعفری کی سرپرستی میں کالج فنون لطیفہ اور دیگر نہایت اہم سماجی پہلوﺅں پر لیکچرز اور سیمینارز کا باقاعدگی سے اہتمام کررہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ این سی اے کے ساتھ طلبا اور فیکلٹی ایکسچینج پروگرام کے بھی خواہشمند ہیں۔ جس پر پرنسپل این سی اے کا کہنا تھا کہ وہ بہت جلد آسٹریلیا کے تعلیمی اداروں کے ساتھ اسٹوڈنٹ اور فیکلٹی کے لئے ایکسچینج پروگرام کے حوالے سے کوئی لائحہ عمل طے کریں گے۔

 

Share this article

Leave a comment