Friday, 29 November 2024


پیاز اور ٹماٹر کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگے

 

ایمز ٹی وی(تجارت) پیاز اور ٹماٹر کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافے کے نتیجے میں اکتوبر کے دوران مہنگائی سال بہ سال 3.80 فیصد بڑھ گئی جبکہ رواں مالی سال کے ابتدائی 4 ماہ کے دوران صارف قیمتوں کے اشاریے (سی پی آئی) پر مبنی افراط زر کی شرح میں اوسطاً 3.50فیصد کا اضافہ ہوا۔ چیف شماریات محمود اختر نے بدھ کو مہنگائی کی صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ اکتوبر میں ماہانہ بنیادوں پر مہنگائی میں 0.7 فیصد کااضافہ ہوا جبکہ اکتوبر2016 کے مقابلے میں گزشتہ ماہ مہنگائی کی شرح میں 3.80 کا اضافہ ہوا، اس دوران پیاز کی قیمت میں 178.60فیصد ، ٹماٹر کی قیمت میں 70.98فیصد، چائے کی پتی16.45 فیصد ، پٹرول 13.89 فیصد، ایل پی جی سلنڈر 13.73 فیصد، آلو 12.16فیصد، نجی اسکولوں کی فیس میں 10.73 فیصد اور ڈیزل کی قیمتوں میں سال بہ سال 8.87 فیصد کا اضافہ ہوا۔ بیورو شماریات کے مطابق 1سال کے دوران لہسن کی قیمت میں 39.01، دال ماش کی قیمت میں 26.82، دال چنا 21.58، چینی 21.17، دال مسور 18.59، دال مونگ 18.02، مرغی کا گوشت 16.68، بیسن 14.28 اور کیلے کی قیمتوں میں 4.57 فیصد کی کمی بھی ہوئی۔ چیف شماریات نے بتایاکہ ستمبر کے مقابلے میں اکتوبر کے دوران ٹماٹر 31.42 فیصد، مٹی کا تیل 3.96 فیصد، گیس سلنڈر 3.89، پٹرول 2.89، ڈیزل 2.60 فیصد، انڈے 2.03، پیاز 1.90فیصد اور مکانات کے کرایو ں میں 1.85 فیصد اضافہ ہوا، ستمبر کی نسبت اکتوبر میں انار 14.59فیصد، کیلے 13.09 فیصد ، لہسن 6.29 فیصد، دال ماش 5.11 فیصد ، لیموں 2.17 فیصد، دال مونگ 2.04 فیصد سیمنٹ 1.31 فیصد اور چینی کی قیمت میں 1.11 فیصد کی کمی ہوئی۔ بیورو شماریات کے حکام کے مطابق حال ہی میں ریگولیٹری ڈیوٹی کے نفاذ اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے رواں ماہ کے دوران قیمتوں پر اثر پڑے گا۔

 

Share this article

Leave a comment