Friday, 29 November 2024


ششی کپور کی کامیابیوں سے بھری داستان

 

انٹرٹینمنٹ :ششی کپور 18 مارچ 1938 کو کلکتہ میں پیدا ہوئے اُن کے والد پرتھوی راج کپور متحدہ برصغیر کے عظیم اداکار، فلمساز اور تھیٹر آرٹسٹ تھے پرتھوی راج نے لائل پور (موجودہ فیصل آباد) اور پشاورکے تھیٹر میں کام کیا تاہم تقسیم ہند کے بعد وہ اہل خانہ کے ہمراہ ہندوستان منتقل ہوگئے۔ ششی کپور نے اپنے والد کی پیروی کرتے ہوئے محض تین سال کی عمر میں اداکاری کے جوہر دکھانا شروع کردیئے اور 1948 سے 1954 کے درمیان چار فلموں میں بہ طور چائلڈ ایکٹر کردار ادا کیا اور شائقین سے داد وصول کی۔ ہمہ وقت اپنے والد کے ہمراہ رہنے والے ششی کپور اب فلم سازی کے راز و رموز سے بھی آگاہ ہوچکے تھے چنانچہ اپنے والد پرتھوی راج کپور کی بہ طور معاون ایڈیٹر مدد کرنے لگے اور پہلی مرتبہ اپنے خاندانی پروڈکشن ہاؤس کے تحت بننے والی فلم پوسٹ بکس 999 میں معاون ایڈیٹر کے طور پر سامنے آئے جب کہ 1959 میں انہوں نے راویندرا دیو کی فلم ہاؤس میں بھی معاون اڈیٹر کے طور پر کام کیا۔ فلم سازی اور ہدایتکاری سے واقفیت کے بعد ششی کپور 1961 میں پہلی مرتبہ کسی مرکزی کرادر میں فلم دھرما پترا میں نظر آئے اور پھر پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا اس سدا بہار رومانوی اداکار نے کل 116 ہندی فلموں میں اپنے اداکاری کے جوہر بکھیرے جب کہ 55 فلموں میں بڑی کاسٹ کے جھرمٹ میں اپنا لوہا منوایا اور 21 فلموں میں معاون اداکار کے طور پر سامنے آئے اسی طرح 7 فلموں میں مہمان اداکار بن کر پردہ اسکرین پر جلوہ افروز ہوئے۔ ششی کپور نے انگریزی فلموں میں کام کیا اور وہ پہلے بھارتی اداکار تھے جو بین الاقوامی فلم انڈسٹری میں نمائندگی کے لیے گئے اور وہیں تھٹر میں کام کرنے کے دوران ان کی ملاقات غیر ملکی اداکاریہ جنیفر سے ہوئی اور جلد ہی یہ ملاقات محبت میں تبدیل ہو گئی تاہم فلمی کہانی کی طرح اس رومانوی کہانی کو بھی سماج کا سامنا رہا اور کپور خاندان شادی میں رکاوت بنا رہا لیکن محبت کہاں ہار مانتی ہے چنانچہ مشکلات و مصائب کا سامنے کرنے کے بعد بلاخر محبت جیت گئی اور وہ 1958 میں شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔ ششی کپور نے اپنی غیرملکی اہلیہ جنیفر کے ساتھ کئی فلموں میں کام کیا اوراپنی اہلیہ کے ساتھ مل کر 1978 میں اپنے والد کے نام پر پرتھوی تھیٹر کا سنگ بنیاد رکھا تاہم اُن کی اہلیہ جنیفر کا ساتھ زیادہ دیر ساتھ نہ رہا اور وہ کینسر کے مرض میں مبتلا ہو کر 1984 میں داغ مفارقت دے گئیں، ششی کپور نے جنیفر کے انتقال کے بعد اپنے تینوں بچوں کی تن تنہا پرورش کی۔ لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ پانے والے ششی کپور کے کیریئر میں کئی کامیاب فلمیں ہیں جن میں جب جب پھول کھلے، نیند ہماری خواب تمہارے، شرمیلی، جانور اور انسان، کبھی کبھی،اور روٹی کپڑا اور مکان شامل ہیں، بالی ووڈ کے خدمات کے پیش نظر انہیں چار مرتبہ فلم فیئر ایوارڈ، کے علاوہ قومی فلم فیئر ایوارڈ اور سویلین فلم فیئر ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔ آسمانِ فن اداکاری کا یہ درخشاں ستارہ 1998 سے فلمی دنیا سے کنارہ کش ہوچکا تھا اور آخری بار وہ بانی پاکستان محمد علی جناح کی زندگی پر بنائی گئی فلم جناح میں نظر آئے۔ وہ 2012 کو پہلی مرتبہ بیماری کے باعث اسپتال میں داخل ہوئے اور ایک روز ہی میں صحت یاب ہوکر گھر لوٹ آئے تاہم 2014 کو دوباہ اسپتال میں داخل ہونے کے بعد سے ان کی طبیعت سنبھل نہ سکی اور گزشتہ رات سینے میں انفیکشن کے علاج کے لیے اسپتال لائے گئے تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے اور یوں رومانوی اداکاری کا ایک عہد تمام ہوا۔

 

Share this article

Leave a comment