Friday, 29 November 2024


عمرہ زائرین کے لیے بائیو میٹرک تصدیق، وزیر داخلہ سے جواب طلب

 

ایمزٹی وی(کراچی)سندھ ہائی کورٹ نے عمرہ زائرین کے لیے بائیو میٹرک تصدیق کی شرط کے خلاف درخواست پر وفاقی وزارتِ مذہبی امور اور وزارتِ داخلہ کو جواب کیلئے 16 جنوری تک کی مہلت دے دی۔
عمرہ زائرین کے لیے بائیو میٹرک کی شرط کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں درخواست کی سماعت ہوئی، درخواست گزار کی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ بائیو میٹرک کی شرط سے عمرہ زائرین سخت اذیت سے دوچار ہیں، عمرہ زائرین کی بائیومیٹرک تصدیق کا کنٹریکٹ بھارتی کمپنی کو دیا گیا ہے لہذا زائرین کو پریشانی سے بچانے کے لیے کنٹریکٹ نادرا کو دیا جائے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ سالانہ لاکھوں پاکستانی عمرے کی ادائیگی کے لیے جاتے ہیں جب کہ سہولیات کی عدم دستیابی اور تصدیقی مراکز کی کمی سے بھی زائرین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
سماعت کے موقع پر بائیو میٹرک تصدیق کرنے والی کمپنی ’’اعتماد‘‘ نے عدالت میں جواب جمع کرایا جس میں کہا گیا ہے کہ ’’اعتماد‘‘ مستند ادارہ ہے جو 28 ممالک میں کام کررہا ہے، بائیومیٹرک تصدیق کی شرط سعودی عرب کا داخلی معاملہ ہے جب کہ عمرہ زائرین سے حاصل ہونے والی معلومات تک صرف سعودی حکومت کی رسائی ہوتی ہے۔
عدالت نے درخواست گزار کو آئندہ سماعت تک جواب الجواب جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے درخواست پر وفاقی وزارتِ مذہبی امور، وزارتِ داخلہ کو جواب کیلئے 16 جنوری تک کی مہلت دیدی۔

 

Share this article

Leave a comment