Friday, 29 November 2024


چرچ حملہ، جاں بحق افراد کے لئے امداد کا اعلان

 

ایمزٹی وی(کوئٹہ)وزیر اعلیٰ بلوچستان ثنا اللہ زہری نے چرچ حملے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کیلیے 10،10 لاکھ جب کہ شدید زخمیوں کے لیے فی کس 5 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا ہے۔ کوئٹہ میں گزشتہ روز دہشت گرد حملے میں زخمیوں کی عیادت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعلی بلوچستان نے کہا کہ دہشت گردوں کے آگے کبھی نہیں جھکیں گے، ہم کوئٹہ کو دہشت گردی سے پاک اور بلوچستان کو پرامن صوبہ بنائیں گے۔ دہشت گردوں کے خلاف ہماری فورسز کا مورال بلند ہے، انہیں جو اسلحہ درکار ہوگا ہم فراہم کریں گے۔ شہید پولیس افسران اور اہلکاروں کو پنجاب کی طرز پر معاوضہ دیا جائے گا۔ گزشتہ روز جاں بحق ہونے والے ہر شخص کے لواحقین کے لیے 10،10 لاکھ جب کہ شدید زخمیوں کے لیے 5،5 لاکھ روپے امداد دی جائے گی۔ نواب ثنا للہ زہری کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز اللہ نے بلوچستان کو بڑی تباہی سے بچایا۔ پولیس نے دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کیا، دہشت گرد اندر جاتےتو بڑی تباہی ہوتی، وہ دہشت گردوں کو روکنے والے جوان کے لیے صدارتی ایوارڈ کی سفارش کریں گے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز کوئٹہ میں چرچ پر حملے میں خاتون سمیت 9 افراد جاں بحق اور 57 زخمی ہوگئے تھے۔

 

Share this article

Leave a comment