Friday, 29 November 2024


اساتذہ نےامتحانات کا بائیکاٹ کردیا

 

ایمزٹی وی(تعلیم/کراچی)سندھ یونیورسٹی کے تحت شروع ہونے والے بی اے کے امتحانات کا اساتذہ نے بائیکاٹ کردیا جس کے باعث بیشتر امتحانی مراکز پر بی اے سال اول کا انگریزی کا پرچہ ملتوی کردیا گیا۔
سندھ یونیورسٹی کے تحت حیدرآباد، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈوالہ یار، بدین، جامشورو، مٹیاری اور ٹھٹھہ میں بی اے کے سالانہ امتحانات کا آغاز ہوگیا ہے لیکن سندھ پروفیسر لیکچرار ایسوسی ایشن (سپلا) کی اپیل پر اساتذہ نے امتحانات کا بائیکاٹ کیا ہوا ہے۔
اساتذہ کی جانب سے امتحانات لینے سے انکا ر پر بیشتر امتحانی مراکز پر بی اے پارٹ ون انگلش کا پرچہ ملتوی کردیا گیا۔
اساتذہ کی تنظیم ’سپلا‘ کا مطالبہ ہے کہ کالج اساتذہ کی بھی امتحانی کاپی کی چیکنگ فیس یونیورسٹی کے اساتذہ کے برابر کی جائے، یونیورسٹی کی جانب سے طلباء کی انرولمنٹ لیٹ فیس میں اضافہ واپس لیا جائے۔
سندھ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر فتح محمد برفت کا کہنا ہے کہ ایم اے اور بی اے کے امتحانات شیڈول کے مطابق جاری رہیں گے، جن امتحانی مراکز پر پرچے ملتوی ہوئے ہیں وہ امتحانات ختم ہونے کے بعد لئے جائیں گے ۔
دوسری جانب پرچہ ملتوی ہونے پر طلبہ و طالبات سراپا احتجاج ہیں۔ ان کا کہنا ہے ساراسال تیاری کی لیکن آج پیپرہی نہیں ہوا۔

 

Share this article

Leave a comment