Thursday, 28 November 2024


شہرقائد میں گولیوں کی برسات، کئی افراد زخمی

 

ایمزٹی وی(کراچی) نئے سال کی آمد پر شہر قائد گولیوں کی ترتراہٹ سے گونج اٹھا اور ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں 24 سے زائد افراد زخمی ہوگئے جب کہ سال کی پہلی گرفتاری بھی عمل میں آگئی۔
نئے سال کی آمد کا استقبال کراچی کے شہریوں نے ہوائی فائرنگ سے کیا جس کے باعث 24 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ فائرنگ کے واقعات کلری ، لانڈھی ، کورنگی ، سائٹ ایریا ، ناظم آباد، سرسید ٹاؤن ، گارڈن ، بغدادی اور ڈیفنس میں پیش آئے۔ ہوائی فائرنگ سے محمود آباد اور ڈیفنس میں دو افراد، ناظم آباد اور رضویہ سوسائٹی میں دو خواتین، لیاری اور گارڈن میں دو افراد زخمی ہوئے۔
شہر کے مختلف اسپتالوں میں دو درجن سے زائد زخمیوں کو لایا گیا جنہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔ عباسی اسپتال میں 5 ، جناح اسپتال میں 8 جبکہ سول اسپتال میں 6 زخمیوں کو لایا گیا۔ سال 2018 کی پہلی گرفتاری بھی عمل میں آگئی۔ عزیز آباد تھانے میں ملزم خالد کے خلاف درج ہوا جو آتش بازی کا سامان فروخت کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا تھا۔
ادھر حیدرآباد میں سال نو کے موقع پر ہوائی فائرنگ سے دوافراد زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کیا گیا۔ زخمیوں میں 17سالہ حسنین اور تیس سالہ ناصر شامل ہیں۔ دوسری جانب الہ اباد میں نیو ایئر نائٹ پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تین ملزم گرفتار کرکے ان سے اسلحہ اور 15 لیٹر شراب برآمد کرلی اور مقدمہ درج کرلیا۔

 

Share this article

Leave a comment