Thursday, 28 November 2024


دوسرا ٹیسٹ: بنگلہ دیش کی پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت

ایمز ٹی وی ( کھیل)  بنگلہ دیش نے دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

ڈھاکہ کے میرپور شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میں بنگلہ دیشی کپتان مشفیق الرحیم نے ٹاس جیتا اور پہلے باؤلنگ کافیصلہ کیا۔

سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ کے لیے دونوں ٹیموں میں ایک ایک تبدیلی کی گئی ہے۔

بنگلہ دیش نے ان فٹ روبیل حسین کی جگہ شہادت حسین کو جبکہ پاکستان نے ذوالفقار بابر کی جگہ میڈیم پیسر عمران خان کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔

پاکستانی ٹیم مصباح الحق ، محمدحفیظ، سمیع اسلم، اظہر علی، یونس خان، اسد شفیق،سرفراز احمد، وہاب ریاض، جنید خان، یاسر شاہ اور عمران خان پر مشتمل ہے۔

کھلنا میں دونوں ٹیموں کےدرمیان کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوا تھا۔

واضح رہے کہ دورہ بنگلہ دیش میں پاکستان کی ٹیم کامیابی سے اب تک محروم رہی ہے۔

ون ڈے سیریز اور ٹی ٹوئنٹی میچ میں شکست کے بعد قومی ٹیم بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں بھی فتح حاصل نہ کرسکی تھی۔ اس بار پاکستانی ٹیم نے بیٹنگ ، باؤلنگ اور فیلڈنگ میں ہونے والی غلطیوں پر قابو پانے کے لیے پریکٹس سیشن میں بھرپور محنت کی۔

کپتان مصباح الحق کہتے ہیں کہ تمام کھلاڑی آخری میچ میں کامیابی حاصل کرنے کے لی ے پرعزم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میرپور کی پچ کُھلنا سے مخلتف ہے امید ہے یہاں باؤلرز کو مدد ملے گی اور وہ اچھا پرفارم کریں گے۔۔

Share this article

Leave a comment