Thursday, 28 November 2024


زیادہ دوست رکھنے والے بچے مستقبل میں زیادہ کمائیں گے: تحقیق

ایمز ٹی وی (ایجوکیشن) شخصیت اور مستقبل کی اعلیٰ آمدنی کے درمیان تعلق کےحوالے سے شائع ہونے والے ایک نئے جائزے میں بتایا گیا ہے کہ جو بچے اسکول میں زیادہ دوست بناتے ہیں اور زیادہ ملنسار ہوتے ہیں وہ مستقبل میں اعلیٰ آمدنی حاصل کرتے ہیں۔

رائل اکنامک سوسائٹی کی سالانہ کانفرنس میں رواں ہفتے پیش کی جانے والی رپورٹ کے مطابق جن بچوں کے ثانوی اسکول میں دوستوں کی تعداد زیادہ تھی، وہ بعد کی زندگی میں اپنے دیگر ساتھیوں کے مقابلے میں 10 فیصد زیادہ آمدنی کا لطف اٹھا رہے تھے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ نتیجہ ایسے بچوں پر اور بھی زیادہ واضح تھا، جو نوجوانی میں لوگوں کے فیورٹ یا ہر دلعزیز کہلائے جاتے تھے۔

تحقیق کا عنوان ثانوی اسکول نیٹ ورکنگ کے اثرات اور آمدنی تھا۔ جس میں اسکولوں کے ذریعے بالغ زندگی میں ان کی قسمت کا تجزیہ کرنے کے لیے، امریکی جائزے ایڈ ہیلتھ کے اعداد و شمار کا استعمال کیا گیا۔ اس سروے میں بچوں کے اسکول کے دوستوں کی معلومات بھی شامل تھیں۔

سسیکس یونیورسٹی کی تحقیق کا نتیجہ بتاتا ہے کہ بچپن اور نوجوانی میں بچوں کی سماجی میل ملاپ کے ہنر کی ترقی کے لیے زیادہ توجہ دینی چاہیئے مثلاً سماجی سرگرمیوں اور اسکول کلب کے ذریعے بچوں میں ملنساری کو فروغ دیا جائے۔ تجزیہ کاروں نے لکھا کہ جو نوجوان معاشی طور پر زیادہ مستحکم نہیں ہیں انھیں غربت سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے سماجی مہارت کو ترقی دینی چاہیئے۔

تحقیق سے نتیجہ اخذ کرتے ہوئے تجزیہ کاروں نے لکھا کہ اعلیٰ معاوضہ کی ملازمتوں کے لیے ذہانت، یاداشت اور استدلال جیسے عوامل کا ہونا بہت ضروری ہے لیکن دوسرے عوامل مثلاً سماجی برتاؤ اور شخصیت کا سحر انگیز ہونا بھی اتنا ہی ضروری ہے۔

Share this article

Leave a comment