Friday, 29 November 2024


انتخابات 2018 انتخابی فہرستوں پر نظر ثانی کا آغاز

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد) الیکشن کمیشن نے انتخابات 2018 کی تیاری کے لیے انتخابی فہرستوں پر نظر ثانی شروع کردی ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی کا آج سے آغاز کردیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق نئے ووٹرزکی رجسٹریشن گھرگھر تصدیقی مہم کے بعد ہوگی۔ انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی کے پہلے مرحلے میں تصدیقی عمل کے بعد 73 لاکھ 60 ہزار 279 افراد کا نئے ووٹر کے طور پر اندراج کیا جائے گا۔ 9 لاکھ 23 ہزار 947 ووٹرز کو انتخابی فہرستوں سے خارج کیا جائے گا جن کے انتقال کا ریکارڈ یونین کونسلوں اور نادرا میں موجود ہے۔
پنجاب میں 41 لاکھ 13 ہزار 595 نئے ووٹرز، سندھ میں 14 لاکھ 54 ہزار 398، خیبر پختونخوا میں 10 لاکھ 15 ہزار 327، بلوچستان میں 4 لاکھ 52 ہزار 143، فاٹا میں 2 لاکھ 88 ہزار اور اسلام آباد میں 35 ہزار نئے ووٹرز رجسٹرکیے جائیں گے ۔ نئے رجسٹر ہونے والے ووٹرز میں 40 لاکھ 72 ہزار مرد اور 32 لاکھ 87 ہزار خواتین ووٹرز شامل ہوں گی۔
نئی رجسٹریشن کے بعد انتخابی فہرستوں میں درج ووٹرز کی تعداد 10 کروڑ 40 لاکھ سے تجاوزکر جائے گی۔ دوسرے مرحلے میں تمام انتخابی فہرستوں کو ہر ضلع کے مقرر کردہ ڈسپلے سینٹرز میں آویزاں کیا جائے گا۔ رائے دہندگان انتخابی فہرستوں کا جائزہ لیکر اندراج منتقلی اور درستگی کے لیے درخواستیں دے سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ موجودہ حکومت جون میں اپنی آئینی مدت پوری کرے گی جس کے بعد عبوری حکومت اقتدار سنبھالے گی اور 15 جولائی کو جنرل الیکشن کرائے گی۔

 

Share this article

Leave a comment