Friday, 29 November 2024


قومی کرکٹ ٹیم کی ایسی شرمناک شکست ، پوری قوم کوشرمندہ کردیا

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)پاکستان ٹیم اپنی تاریخ میں تیسری بار ون ڈے سیریزمیں 5-0 کی خفت سے دوچار ہوئی۔
قومی ٹیم تاریخ میں تیسری بار 5-0 کی خفت کا شکار ہوئی جب کہ اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے 1998اور آسٹریلیا نے 2010میں اس خفت کا شکار کیا تھا، نیوزی لینڈ نے گرین شرٹس کو کلین سوئپ کر کے 15 سال پرانا حساب بھی چکتا کردیا۔
واضح رہے کہ پاکستان نے کیویز کو 2003 میں کھیلی جانے والی ہوم سیریز کے پانچوں ون ڈے میچز میں زیر کیا تھا، اس وقت پاکستانی اسکواڈ کی قیادت موجودہ چیف سلیکٹر انضمام الحق کر رہے تھے۔
دوسری جانب مارٹن گپٹل نے کیریئر کی 13ویں لیکن پاکستان کیخلاف پہلی سنچری بنائی،یوںکیوی اوپنر تمام 9فل ممبرز ٹیموں کیخلاف تھری فیگر اننگز سجانے والے کلب میں شامل ہوگئے ،جہاں ہم وطن روس ٹیلر سمیت 8بیٹسمین پہلے سے موجود ہیں،ان میں سچن ٹنڈولکر، رکی پونٹنگ،ہرشل گبز،ہاشم آملا، کوہلی،ڈی ویلیئرز،تھارنگاکے نام بھی شامل ہیں،افغانستان اور آئرلینڈ کو بھی ٹیسٹ اسٹیٹس ملنے کے بعد اس ریکارڈ کو ازسر نومرتب کیے جانے کی ضرورت ہے۔
کیویز سے سیریز کے پانچویں اور آخری میچ کیلیے پاکستان نے 3 تبدیلیاں کرتے ہوئے انجرڈ شعیب ملک کیساتھ حسن علی اور محمد عامر کو بھی باہر بٹھادیا، عمرامین، عامر یامین اور محمد نواز سیریز میں پہلا اور آخری میچ کھیلے، نیوزی لینڈ نے بولٹ کو آرام دیکر میٹ ہینری کو شامل کیا جنھوں نے پاکستانی ٹاپ آرڈر کا صفایا کردیا۔
نیوزی لینڈ سے سیریز کے آخری میچ میں پاکستان نے مارٹن گپٹل کی اہم وکٹ سمیت رن آئوٹ کے 3مواقع ضائع کیے،کیوی اوپنر 72رنز پر کھیل رہے تھے کہ روس ٹیلر نے رن لینے کے بجائے واپس جانے کا اشارہ کردیا،گپٹل پچ کے وسط میں پھسل گئے لیکن بولر فہیم اشرف کا تھرو وکٹوں میں نہیں لگا،وہ خود جاکر بھی اسٹمپس سے گیند ٹکرا سکتے تھے، کولن ڈی گرینڈ ہوم بھی 14 پر رن آئوٹ ہوسکتے تھے لیکن رومان رئیس اپنی ہی گیند پر وکٹوں کو نشانہ نہیں بناسکے،اننگز کی آخری گیند پر ٹم ساؤتھی رن آئوٹ ہوسکتے تھے لیکن تھرو موصول ہونے پر گیند عامر یامین کے ہاتھوں میں اچھل کود کرتی رہی۔

 

Share this article

Leave a comment