Friday, 29 November 2024


انڈر 19 ورلڈ کپ، پاکستان کرکٹ ٹیم بڑے امتحان کےلئے تیار

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)انڈر 19 ورلڈ کپ میں انگلینڈ اور بنگلادیش نے بھی سپر لیگ کوارٹر فائنلز کا ٹکٹ کٹوالیا جب کہ بہتر رن ریٹ پر گروپ ڈی میں ٹاپ پوزیشن پر رہنے والے گرین شرٹس کو ناک آؤٹ مقابلے میں مضبوط پروٹیزدیوار گرانا ہوگی۔
انڈر 19 ورلڈکپ کے سپر لیگ کوارٹر فائنلز کی لائن اپ مکمل ہوگئی، گروپ ڈی میں اگرچہ پاکستان ٹیم کو افغانستان کے ہاتھوں پہلے مقابلے میں شکست ہوئی تھی تاہم افغان ٹیم گروپ کا آخری میچ آئرلینڈ سے ہار گئی، اس وجہ سے بہتر رن ریٹ کے باعث گرین شرٹس نے اپنے سفر کا اختتام ٹاپ پوزیشن کیساتھ کیا، اب ان کا کوارٹر فائنل میں جنوبی افریقہ سے کرائسٹ چرچ میں 24 جنوری کو مقابلہ ہوگا۔
گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں آئرش ٹیم نے 8 وکٹ پر 225 رنز بنائے، گراہم کینڈی 37، کپتان ہیری ٹیکٹر 36 اور نیل روک 35 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، میڈیم فاسٹ بولر وفادار مومند اور لیفٹ آرم اسپنر قیس احمد نے 3، 3 وکٹیں لیں۔ جواب میں افغانستان کی بیٹنگ لائن توقعات پر پورا نہ اتر پائی اور پوری ٹیم ہدف سے صرف 4 رنز کی دوری پر آخری اوور میں آؤٹ ہوگئی، ٹیکٹر نے 3 اور جوشوا لٹل نے 2کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
واضح رہے کہ 1998 کا ورلڈ چیمپئن انگلینڈ آخری میچ سے قبل ہی رن ریٹ کی بنیاد پر اپنے گروپ میں ٹاپ پوزیشن یقینی بنا چکا تھا، مگر اس نے سہل پسندی کا شکار ہوئے بغیر کینیڈا کو 282 رنز سے زیر کیا، لیام بینکس کے 120 اور ول جیکس کے 102 رنز کی بدولت ٹیم نے 7 وکٹ پر 383 رنز بنائے، کینیڈا کو بنگلادیش کی جگہ کوارٹر فائنل کھیلنے کا اعزاز پانے کی خاطر اتنا بڑا ہدف 37.5 اوورز میں حاصل کرنے کی ضرورت تھی تاہم پوری ٹیم 31.5 اوورز میں 101 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی، اسپرن پریم سسوڈیا نے 3 جبکہ ایڈم فنچ، لیوک ہولمین اور رومن والکر نے 2،2 وکٹیں لیں۔
اس طرح گروپ سی سے انگلینڈ کیساتھ بنگلادیش ٹیم کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی۔ ادھر نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقہ کو 71 رنز سے شکست دی، ہرمین رولفس کے 108 رنز بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا پائے، 2014 کے چیمپئنز نے اپنی آخری 6 وکٹیں صرف 26 رنز کے دوران گنوائیں۔
ادھر ٹائٹل کی دوڑ سے پہلے ہی باہر ہونیوالے سابق چیمپئن ویسٹ انڈیز نے کینیا کو 222 رنز سے مات دی۔ پہلا کوارٹر فائنل انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان 23 جنوری کو کھیلا جائیگا، پاکستان اور جنوبی افریقہ 24، افغانستان اور نیوزی لینڈ 25 اور بھارت و بنگلادیش 26 جنوری کو سیمی فائنل میں جگہ بنانے کیلیے مقابلہ کرینگے۔

 

Share this article

Leave a comment