Friday, 29 November 2024


خبروں کی صداقت جاننے کےلئےفیس بک کا نیافیچرمتعارف

 

ایمزٹی وی (مانیٹرنگ ڈیسک)گزشتہ دنوں فیس بک نے اعلان کیا تھا کہ وہ اپنی ویب سائٹ پر خبروں کے مقابلے میں دوستوں کی اپنی پوسٹ زیادہ دکھائے گا لیکن اب فیس بک نے خبروں اور ان کی ویب سائٹ کی صداقت اور معیار جانچنے کے لیے دو سوالات جاری کیے ہیں۔
بعض ویب سائٹس نے فیس بک کے اس مجوزہ سروے کی تفصیلات حاصل کرلی ہیں جس میں خبروں کی افادیت کے بارے میں براہِ راست صارفین سے سوالات کیے گئے ہیں اور ظاہر ہے کہ ان سوالات کی بنا پر ہی اس ویب سائٹ کی خبریں دکھانے کا فیصلہ کیا جائے گا۔
فیس بک کی جانب سے جاری کردہ پہلے سوال میں پوچھا گیا ہے کہ کیا آپ اس ویب سائٹ کو جانتے یا پہچانتے ہیں؟ اور دوسرا سوال یہ ہے کہ آپ اس ویب سائٹ (کی خبروں پر) کتنا اعتبار کرتے ہیں؟ اس کے جوابات کے آپشنز میں بالکل نہیں سے لے کر ’مکمل‘ تک کے الفاظ میں سے ایک کا انتخاب کیا جاسکتا ہے۔
 
surveyfinal 1516809014
تجزیہ کاروں کے مطابق فیس بک نے وقت کی قلت کی وجہ سے اس سروے کو سادہ رکھا ہے تاکہ لوگ فوری طور پر اپنی رائے دے سکیں۔ اگر سروے طویل سوالات پر مبنی ہوگا تو بہت سے لوگ اس کے جوابات دینے سے گریز کرسکتے ہیں تاہم فیس بک نے عندیہ دیا ہے کہ وہ محض لوگوں کے جوابات پر انحصار نہیں کرے گا بلکہ خبروں اور حالاتِ حاضرہ کی ویب سائٹ کو پرکھنے کےلیے دیگر معاملات پر بھی کام کرے گا۔ تاہم یہ بات ضرور اہم ہے کہ یہ سروے خبروں پر اثرانداز ضرور ہوگا۔
واضح رہے فیس بک پر سوویت یونین کی جانب سے جعلی اور پروپیگنڈا خبروں کی بھرمار بھی بڑھ رہی تھی جس کے بعد خبروں کی ویب سائٹ کے شیئرز اور تشہیر محدود کردی گئی تھی جس سے خبروں کی عالمی ویب سائٹس میں بھی تشویش کی لہر دوڑ گئی تھی۔

Share this article

Leave a comment