Friday, 29 November 2024


ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برف باری کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ

 

ایمزٹی وی(کراچی)ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برف باری سے موسم سرد ہوگیا۔میڈیا ذرائع کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برف باری کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ کراچی میں بوندا باندی سے ہلکی ٹھنڈ ہوگئی ہے۔ شہر قائد میں بارش کا چھینٹا پڑتے ہی ’کے الیکٹرک‘ کی کارگردگی کا پول کھل گیا اور 50 سے زائد فیڈرز متاثر ہوگئے جس کے نتیجے میں گلشن اقبال، پی آئی بی کالونی، طارق روڈ، ایف بی ایریا، نارتھ کراچی سمیت کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔
دوسری جانب زیارت میں رات کو برف باری کا سلسلہ شروع ہوا جو صبح تک جاری رہا۔ اب تک 6 انچ برف پڑچکی ہے جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ چترال شہر اور گردنواح میں بھی ہلکی بارش جبکہ پہاڑوں پر برفباری شروع ہوگئی ہے۔ لواری ٹنل پر رات بھر برفباری ہوئی اور 18 انچ تک برف پڑی ہے جبکہ راستے بند ہونے کی وجہ سے سیاح اور مسافر پھنس گئے ہیں۔ کالاش ویلی رمبور میں برف میں پھسلن کے باعث ایک شخص پہاڑ سے گر ہلاک ہوگیا۔ متوفی پہاڑ پر مویشی چرا رہا تھا۔
گلگت، ہنزہ، اسکردو، استور اور غذر میں موسم ابر آلود ہے۔ دیر لوئر میں بھی کل شام سے بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ وقفے سے وقفے سے جاری ہے۔ سردی میں اضافے کی وجہ سے لوگ گھروں میں دبک کر رہ گئے۔
ادھر رحیم یارخان اور ملتان بھی میں تیز ہوا چل رہی ہے اور بادل چھا گئے ہیں۔ ہارون آباد اور گردونواح میں بھی یخ بستہ ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش ہوئی۔

 

Share this article

Leave a comment