Friday, 29 November 2024


بلوچستان میں نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی(این ٹی یو) کا کیمپس بنانے کا فیصلہ

 

ایمز ٹی وی (بزنس ) وفاقی حکومت نے ملک میں ٹیکسٹائل سیکٹر کے فروغ اور ہنرمند افراد قوت میں اضافے کے لیے بلوچستان میں نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی ( این ٹی یو ) کا کیمپس بنانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے ٹیکسٹائل ڈویڑن نے وفاقی حکومت سے 3ارب روپے مانگ لیے ہیں۔ وفاقی حکومت کی جانب سے ملک کے ٹیکسٹائل سیکٹر کے فروغ کے لیے مختلف مقامات پر نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی فیصل آباد (این ٹی یو) کے کیمپس قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،اس سلسلے میں چند ماہ قبل ٹیکسٹائل ڈویڑن کی جانب سے صوبہ سندھ، خیبر پختونخوا، پنجاب اور بلوچستان کی صوبائی حکومتوں کو مراسلہ بھی ارسال کیا گیا تھا، نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی فیصل آباد( این ٹی یو ) ٹیکسٹائل ڈویڑن کے ماتحت ہے جو ٹیکسٹائل سے متعلقہ مضامین میں گریجویٹ، انڈر گریجویٹ سمیت متعدد پروگرامز اور کورسز کراتی ہے۔ مراسلے میں صوبائی حکومتوں سے نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی کے سب کیمپس کھولنے کے لیے تعاون مانگا گیا تھا۔جس پر خیبر پختونخوا اور بلوچستان کی حکومتوں نے رضامندی ظاہر کی تھی جس پر وفاقی حکومت نے پہلے مرحلے میں آئندہ مالی سال بلوچستان میں کیمپس قائم کرنے کافیصلہ کیاہے جس کے لیے ٹیکسٹائل ڈویڑن کی جانب سے حکومت سے 3 ارب روپے مانگے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب میں ٹیکسٹائل ڈویڑن کی جانب سے گوجرانوالہ میں این ٹی یو کا سب کیمپس قائم کرنے کی تجو یز زیرغور ہے، اسی طرح خیبر پختونخوا میں ڈی آئی خان میں بھی سب کیمپس قائم کیے جانے کی تجویز زیرغور ہے۔

 

Share this article

Leave a comment