Friday, 29 November 2024


ملتان میں بغیر اوپن ہارٹ سرجری کیے دل کے والو کی تبدیلی کا کامیاب آپریشن

 

ایمز ٹی وی (ملتان/صحت) پنجاب میں چوہدری پرویز الہی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی ملتان میں ڈاکٹر بروس جونز، ڈاکٹر اسکاٹ فریزیئر اور ڈاکٹر یاسر اختر پر مشتمل تین رکنی امریکی ٹیم نے پاکستانی مریضوں میں شہ رگ کے ذریعے ایورٹک والو کی تبدیلی کا کامیاب آپریشن کیا ہے۔ مطالعاتی دورے پر آئے تین رکنی امریکی سرجنز کی ٹیم نے پاکستان میں بغیر ” اوپن ہارٹ سرجری“ کیے دل کے اہم والو کی تبدیلی کا کامیاب آپریشن کیا، آپریشن کے مرحلے سے گزرنے والے تینوں مریض روبہ صحت ہیں۔
اس قسم کے آپریشن میں ’ناکارہ والو‘ کو نکالے بغیر ہی دوسرا والو نصب کردیا جاتا ہے جس کے لیے جسم کے بیرونی حصے پر کسی قسم کی چیر پھاڑ نہیں کرنا پڑتی۔اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر رانا الطاف کا کہنا تھا کہ ایورٹک والو کی تبدیلی کا آپریشن گزشتہ روز کیا گیا جس میں تین امریکی ڈاکٹرز پر مشتمل ٹیم کے علاوہ پاکستانی ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف نے بھی حصہ لیا
آپریشن کے لیے جسم کو خون مہیا کرنے والی بنیادی اور مرکزی شہ رگ ”ایورٹا “ کو استعمال کیا گیا اس طرح کی غیر جراحتی آپریشن میں اوپن ہارٹ سرجری کی ضرورت نہیں رہتی چنانچہ ناکارہ والو کو نکالے بغیر ہی نیا والو کامیابی کے ساتھ لگا دیا گیا۔
امریکی ٹیم کے سربراہ بروس جونز نے ملتان روٹری کلب میں عشایے سے خطاب کے دوران بتایا کہ والو کی تبدیلی کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجی کا سہارا لیا جارہا ہے، اس آپریشن میں محض 32 ہزار 5 سو ڈالر کے اخراجات آتے ہیں جس میں انسانی والو کی فراہمی میں خرچ ہونے والی رقم بھی شامل ہے۔بروس جونز نے کہا کہ اس طرح یہ طریقہ آپریشن جہاں محفوظ ہے وہیں ارزاں بھی ہے اور اس طریقہ آپریشن کی خاص بات اس میں استعمال ہونے والے قدرتی انسانی والو ہیں جو انتقال کرجانے والے شخص کی وصیت پر ان کے جسم سے حاصل کیے جاتے ہیں۔

 

Share this article

Leave a comment