ایمزٹی (مانیٹرنگ ڈیسک) مراکش میں گلیوں سے کچرا صاف کرنے والی نوجوان لڑکی نے مقابلہ حسن جیت لیا ہے۔
مراکش کی گلیوں سے کچرا اُٹھانے والی کمپنی میں بطور خاکروب ملازمت کرنے والی 25 سالہ صناء ماطاط نامی نوجوان خوبصورت لڑکی نے مراکش میں 2018 کی سب سے خوبصورت خاکروب کا مقابلہ جیت لیا اور اس کامیابی کے ساتھ ہی وہ عالمی شہرت حاصل کرنے میں بھی کامیاب ہوگئی۔
صناء ماطاط دو بچوں کی ماں ہیں اور اپنے اہل خانہ کی دیکھ بھال اور کفالت کےلیے شہر کی صفائی پر مامور کمپنی میں کچرا اٹھانے کا کام کرتی ہیں۔ انہیں اپنی خوبصورتی کا اندازہ شروع دن سے ہی تھا اور وہ پُرامید تھیں کہ ایک نہ ایک دن وہ کوئی اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گی۔ انہوں نے مراکش میں ہونے والے مقابلہ حسن 2018 میں کچرا اُٹھانے والی خواتین کی کٹیگری میں حصہ لیا اور مقابلہ حسن جیتنے میں کامیاب رہیں جس کے بعد سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصاویر نے انہیں عالمی شہرت دلا دی۔
مراکشی خاتون کا کہنا تھا کہ وہ مقابلہ حسن جیتنے پر نہایت خوش ہیں تاہم اس کے باوجود وہ اپنے کام کو حقیر نہیں سمجھتیں کیوں کہ یہ وہ شعبہ ہے جس کے ذریعے وہ اپنے دو بچوں اور ماں کی کفالت کرتی ہیں اور آئندہ بھی وہ اس کمپنی کےلیے کام کرتی رہیں گی۔ البتہ اگر موقع ملا تو وہ عالمی سطح پر بھی مقابلہ حسن میں حصہ لیں گی۔
مقابلہ حسن کا انعقاد کرانے والی تنظیم کا کہنا تھا کہ صنا ماطاط کو ملکہ حسن صرف ان کی جاذبیت اور حسین چہرے کے باعث نہیں دیا گیا بلکہ ان کے نظم و ضبط، اپنے کام سے لگاؤ اور مستقل مزاجی جیسی خصوصیات کی بنا پر دیا گیا ہے۔