Friday, 29 November 2024


ایک بٹن دبا کرخودکشی کرنے والی مشین تیار

 

ایمزٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) ہالینڈ کے شہر ایمسٹرڈم میں متنازعہ ایجاد کی نما ئش عوام کے لیے پہلی بارکی گئی جس کے ذریعے اپنی زندگی سے پریشان انسان محض ایک بٹن دبا کراپنی جان لے سکتا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اس متنازعہ ایجاد مشین کی نمائش ڈچ شہر میں منعقدہ ایک ’جنازہ شو‘ میں کی گئی، اس نمائش کو دیکھنے کے لیے متعدد شہریوں نے دلچسپی کا اظہارکیا۔خودکشی کی اس مشین کا نام ’سارکو‘ ہے جو انگریزی زبان کے لفظ ’سارکوفیگس‘ کا مخفف ہے، جس کا مطلب تابوت ہوتا ہے، مشین کو آسٹریلیا کے شہری فیلپ نیچکے نے ڈچ ڈیزائنر کی مدد سے تھری ڈی پرنٹنگ کے ذریعے تیار کیا گیا ہے۔
مشین میں ایک تابوت منسلک کیاگیا ہے جسے ضرورت کے وقت مشین سے الگ بھی کیا جاسکتا ہے، سارکو کے ساتھ گیس کا ایک سلینڈر نصب ہوتا ہے اور خودکشی کا فیصلہ کرنے والا کوئی بھی انسان اس کے اندر بیٹھ کر محض ایک بٹن دبا کر چند ہی لمحوں میں اپنی زندگی کا خاتمہ کرسکتا ہے۔سارکو کے آسٹریلوی موجد فیلپ نیچکے جو قتلِ رحم کو قانونی قرار دینے کے لیے اپنی برسوں پر محیط محنت کی وجہ سے ’ڈاکٹر ڈیتھ‘ بھی کہلائے جاتے ہیں، ڈاکٹر ڈیتھ کا کہنا ہے کہ جو کوئی بھی اپنی زندگی کا خاتمہ کرنا چاہے وہ محض ایک بٹن دبا کر خودکشی کرسکتا ہے۔
خودکشی کا اقدام کرنے والا شخص جب اس مشین میں بیٹھتا ہے تو یہ مشین نائٹروجن گیس سے بھر جاتی ہے، اس گیس کی وجہ سے پہلے تو مشین کے اندر بیٹھا شخص غنودگی محسوس کرتا ہے، پھر وہ جلد ہی بے ہوش ہوجاتا ہے اور یوں بغیر کسی درد کے اسی بے ہوشی کی حالت میں کچھ ہی دیر میں اس کی موت واقع ہوجاتی ہے۔

 

 

Share this article

Leave a comment