ایمزٹی وی(پنجاب) ہائی کورٹ نے رمضان المبارک میں لاٹری، جوا اور سرکس پر مشتمل پروگرامز پر پابندی عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ سحر افطار ٹرانسمیشن میں اچھل کود اور دھمال نہیں چلنے دیں گے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے رمضان ٹرانسمیشن اور مارننگ شوز کے ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے مختصر فیصلہ سناتے ہوئے رمضان المبارک کے دوران لاٹری ،جوا اور سرکس پر مشتمل پروگرامز پر پابندی عائد کردی۔
ہائیکورٹ نے وزارت اطلاعات، وزارت داخلہ اور پیمرا کو عدالتی ہدایات پر عمل کرانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ تمام چینلز اس بات کو یقینی بنائیں کہ پروگرام کے میزبان اور مہمان کی طرف سے رمضان المبارک کے تقدس پر سمجھوتہ نہ ہو، رمضان میں تمام چینلز پانچ وقت مسجد الحرام اور مسجد نبوی کی اذان نشر کریں، وزارت اطلاعات، داخلہ کے سیکرٹریز اور چیئرمین پر مشتمل کمیٹی رمضان کے پہلے عشرے کی رپورٹ عدالت میں پیش کرے۔
عدالتی حکم نامے میں کہا گیا کہ نشر ہونے والے 10 فیصد غیر ملکی مواد میں ریاست اور اسلام کیخلاف چیزوں کی مانیٹرنگ ہونی چاہیئے، رمضان المبارک سے متعلق پیمرا کی طرف سے جاری شدہ ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے۔
آج سماعت میں پی بی اے، پیمرا، پاک سیٹ کے نمائندے اور درخواست گزار وقاص ملک عدالت میں پیش ہوئے۔ پیمرا رپورٹ میں بتایا گیا کہ پاکستان کے کل 117 میں سے تین چینلز اذان نشر کررہے ہیں۔
ڈی جی آپریشنز پیمرا نے کہا کہ ضابط اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والے چینلز کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے۔ پی بی اے کے وکیل علی ظفر نے کہا کہ پی بی اے چینلز پیمرا آئین اور ضابطہ اخلاق کے تحت چل رہے ہیں، عدالت کوئی عمومی حکم جاری نہ کرے، پیمرا کو ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کیلئے ہدایات جاری کرے۔
جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے کہا کہ سحر اور افطار ٹرانسمیشن میں اچھل کود اور دھمال نہیں چلنے دیں گے، میں کوئی ایسا آرڈر نہیں کرتا جس پر عملدرآمد نہ کراسکوں، اچھل کود کا کلچر ڈاکٹر عامر لیاقت نے متعارف کرایا باقی سب شاگرد ہیں، ڈاکٹر عامر لیاقت، ساحر لودھی، فہد مصطفے اور وسیم بادامی باز نہ آئے تو تاحیات پابندی لگا دیں گے، کرکٹ میچ پر تجزیہ کرانے کیلئے بیرون ملک سے ایکسپرٹ کی خدمات حاصل کی جاتی ہیں، اسلامی موضوعات پر بات کرنے کیلئے کرکٹرز اور اداکاروں کو بیٹھا دیا جاتا ہے۔
عدالت نے حکم دیا کہ مارننگ شوز اور رمضان ٹرانسمیشن میں اسلامی موضوعات پر پی ایچ ڈی اسکالر سے کم کوئی بات نہیں کرے گا، مغرب کی اذان سے پانچ منٹ پہلے اشتہار نہیں بلکہ درود شریف یا قصیدہ بردہ شریف نشر کریں، پی ٹی وی کے 8 چینلز کو الگ سے ہدایات جاری کریں گے۔
جسٹس صدیقی نے ریمارکس دیے کہ عجیب تماشا لگا ہے، حمد ،نعت اور تلاوت سب موسیقی کے ساتھ چل رہے ہیں، رپورٹ پیش کی جائے کہ پاکستان میں انڈین چینلز کون آپریٹ کررہا ہے، جو بھارت سے دوستی کی بات کرے اسے سیکیورٹی رسک قرار دیا جاتا ہے، اداروں کیخلاف بات سنسر ہوتی ہے تو دین کیخلاف کیوں نہیں ہوسکتی۔