Friday, 29 November 2024


رمضان المبارک کے لے ٹریفک پلان تیار

 

ایمزٹی وی(کراچی)کراچی کا ٹریفک برقرار رکھنا ہے تو تجاوزات ہٹانی ہوں گی، سڑکوں کی تعمیر اور مرمت کرنا ہوگی، سیوریج سسٹم ٹھیک کرنا ہوگا اور پارکنگ کے مناسب انتظامات کرنے ہوں گے،یہ وہ الارم ہے جو ڈی آئی جی ٹریفک عمران یعقوب منہاس نے رمضان المبارک کے ٹریفک پلان پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا۔
انہوں نے کہا کہ شہر کو پانچ سیکٹرز میں تقسیم کر کے اضافی نفری بھی تعینات کر رہے ہیں لیکن جب تک ان مسائل کا حل نہیں نکالا جاتا ٹریفک کے مسائل کو حل کرنا ممکن نہیں ہے
ڈی آئی جی ٹریفک کے مطابق پہلا سیکٹر ٹاور سے قائد آباد، دوسرا عیدگاہ چوک سے سہراب گوٹھ، تیسرا گرومندر سے پاور ہاؤس چورنگی، چوتھا سیمنز چورنگی سے مواچھ گوٹھ اور پانچواں سیکٹر گارڈن چوک سے پاک کالونی تک ہے۔
ڈی آئی جی ٹریفک عمران یعقوب منہاس کا یہ بھی کہنا ہے کہ تمام بڑے انٹرسیکشنز کو کھلا رکھا جائے گا، بالخصوص دفتری اور تعلیمی اداروں کے اوقات میں۔
انہوں نے بتایا کہ ٹریفک کی روانی بحال رکھنے اور پارکنگ کے مناسب انتظام کیلئے ٹریفک وارڈنز اور اسکاوٹس تنظیموں سے مدد لی جائے گی۔
ڈی آئی جی ٹریفک کا مزید کہنا ہے کہ دوسرے عشرے میں شاپنگ سینٹرز پر خصوصی انتظامات کیے جائیں گے، ضلع ایس ایس پیز کو ہدایت کی گئی ہے کہ شاپنگ سینٹرز اور مارکیٹ انتظامیہ سے مل کر رضا کاروں کا بندوبست بھی کیا جائے۔
ٹریفک کے ضلع ایس ایس پیز کو پولیس اور انتظامیہ کی مدد سے رکاوٹیں ہٹانےکا حکم بھی دیا گیا ہے، خصوصی کنٹرول رومز کے علاوہ شہریوں کو 1915، ایف ایم 88٫6 اور سوشل میڈیا سے آگاہی فراہم کی جاتی رہے گی۔
ڈی آئی جی ٹریفک نے متعلقہ حکام سے سفارش کی ہے کہ ٹریفک کی روانی کے لیے تجاوزات کا خاتمہ، ٹوٹی سڑکوں کی تعمیر، سیوریج سسٹم کو ٹھیک کرنے اور مناسب پارکنگ کے مقامات کا تعین کیا جائے۔

 

Share this article

Leave a comment