Friday, 29 November 2024


فٹبال ورلڈ کپ2026، مراکش نے پاکستان سے امیدیں باندھ لیں

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)فٹبال ورلڈکپ 2026کی میزبانی کے امیدوار مراکش نے پاکستان سے حمایت کی درخواست کردی۔ کینیڈا، میکسیکو اور امریکا مشترکہ طور پر ایونٹ کا انعقاد کروانے کے خواہشمند ہیں، دوسری جانب مراکش بھی اپنی مہم جاری رکھے ہوئے ہے، فیڈریشن کے حکام دنیائے فٹبال کو قائل کرنے کیلیے رابطے کررہے ہیں۔
اسی سلسلے میں مراکو فٹبال کا ایک اعلیٰ سطح کا وفد گزشتہ روز لاہور آیا اور فیفا ہاؤس میں صدر پی ایف ایف سید فیصل صالح حیات سے ملاقات کی، مہمان آفیشلز نے میزبان فیڈریشن کو بریفنگ میں ورلڈ کپ کی میزبانی کیلیے اپنے پلان اور میسر سہولیات سے آگاہ کیا۔
سید فیصل صالح حیات نے مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے بادر ملک مراکش کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ بعد ازاں مشترکہ پریس کانفرنس میں سید فیصل صالح حیات نے کہا کہ پاکستان آمد پر مہمان وفد کے شکرگزار ہیں، پی ایف ایف عالمی فٹبال برادری میں مثبت کردار ادا کرنے کیلیے تیار ہے، مراکش فیفا کا ایک اہم رکن ہے، فٹبال دنیا میں امن اور دوستی کا پیغام رساں بن چکا۔
مراکو کے سفیر محمد کرمون نے کہا کہ گرمجوشی سے خیرمقدم کرنے پر پی ایف ایف کا شکریہ ادا کرتے ہیں، میزبانی کیلیے اپنی مہم میں فیفا کے اہم رکن پاکستان کوخاص اہمیت دیتے ہیں، پر امید ہیں کہ دنیائے فٹبال کو اپنی حمایت کیلیے قائل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔
مراکش کے سفیر اور وفد کے دوسرے رکن عبدالرحیم کدریمی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہمارا پیغام امن اور عالمی بھائی چارہ ہے اور یہی ہمارافٹبال ورلڈ کپ کے انعقاد کا مقصد ہے۔
مراکش کے کھیلوں کے سفیر ہشام الگیروج نے کہا کہ فٹبال دونوں ملکوں میں دوستی اور بھائی چارے کا رشتہ پروان چڑھانے کا ذریعہ بن رہا ہے، ورلڈکپ کی میزبانی کا خواب پورا کرنے کیلیے پُرعزم ہیں۔
 

 

Share this article

Leave a comment