Friday, 29 November 2024


پی پی انتخابی فضا بگاڑ رہی ہے,فاروق ستار

کراچی : ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے الیکشن لڑنے کا اعلان کر دیا اور پی پی انتخابی فضا بگاڑ رہی ہے، مائنس ون فارمولہ اختیار کیا گیا تو ہم بھی خاموش نہیں رہیں گے اور ایم کیوایم کوزمین سے لگانے کا فیصلہ کیا گیا تو پھرہم بھی جواب دیں گے۔ تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے این اے 241 سے کاغذات جمع کرادیے، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ساتھ بہت سارے ساتھی کاغذات جمع کرارہے ہیں، این اے241 ، 245 اور 247 سے کاغذات جمع کرارہا ہوں۔ فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم کوانتخابات سے متعلق پوری اسپیس نہیں دی گئی، ایم کیوایم کو اپنے دفاتر تک ابھی واپس نہیں کیے گئے، کتنےحلقوں سے لڑنا ہے اس کا ابھی فیصلہ نہیں ہوا۔ سربراہ ایم کیو ایم پاکستان نے کہا کہ ہمارے165 کے قریب ساتھیوں کو بازیاب نہیں کرایا گیا، ہمارے ساتھیوں کی رہائی میں تاخیری حربے استعمال ہو رہے ہیں، مردم شماری میں کراچی کے ساتھ ناانصافی کی گئی ہے، مردم شماری میں کراچی کی ایک کروڑ آبادی کو کم کیا گیا ہے، مردم شماری پرہی حلقہ بندیاں کی گئیں جن پرتحفظات ہیں۔ فاروق ستار نے سندھ کی نگراں حکومت کو پیپلزپارٹی کی حکومت قرار دیتے ہوئے کہا نگراں سندھ حکومت میں کچھ لوگ نیوٹرل ہیں، گاڑیاں سرکاری محکموں کی ہیں اور جھنڈے پیپلزپارٹی کے لگے ہیں۔ فاروق ستار نے کہا کہ پیپلزپارٹی انتخابی فضا کو بگاڑ رہی ہے، ترقیاتی فنڈز پیپلزپارٹی کے امیدوار استعمال کر رہےہیں، پیپلزپارٹی ابھی بھی سیاسی فائدے لے رہی ہے۔ رہنما ایم کیو ایم پاکستان کا کہنا تھا کہ اسکروٹنی کے بعد والے دستاویزات ابھی سے مانگے جارہےہیں، نامزدگی کا طریقہ انتہائی آسان ہونا چاہیے، صوبائی اسمبلی کی فیس 20ہزار اور قومی اسمبلی کی 30ہزار ہے، اتنے پیسے عام پاکستانی کہاں سے لائے گا۔ انھوں نے مزید کہا کہ اس قسم کے فیصلے الیکشن کیلئے ناانصافی ہے، ایسی ناانصافی کیساتھ الیکشن ہوگا تو پھردھرنا بھی ہوگا، ریکارڈ کرلیں ہمیں دیوار سے لگانے کی کوشش کی جارہی ہے، مائنس ون فارمولہ اختیار کیا گیا تو ہم بھی خاموش نہیں رہیں گے۔ ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ کا کہنا تھا کہ بڑی پارٹیاں اربوں کے اشتہار دینگی کوئی پوچھنے والانہیں ہوگا، پیسوں کے ذریعے الیکشن کو خریدا جائے گا، میں نے کہیں بھی بائیکاٹ کا لفظ استعمال نہیں کیا۔ فاروق ستار نے کہا کہ ہمیں دیوارسے لگانے کا سلسلہ بند ہوناچاہیے، ایم کیو ایم کو زمین سے لگانے کا فیصلہ کیا گیا تو پھر ہم بھی جواب دینگے، ایم کیوایم پاکستان کاووٹ بینک کوکوئی دھڑانہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کو بھی عدالت کے فیصلوں کو ماننا چاہیے اور میرا نام کنوینئر کے طور پر ویب سائٹ پر ڈالنا چاہیے۔

 

Share this article

Leave a comment