Friday, 29 November 2024


چوہدری پرویز الٰہی پنجاب اسمبلی کے اسپیکر منتخب

 

(لاہور) متحدہ اپوزیشن کے امیدوار چوہدری پرویز الٰہی اسپیکر پنجاب اسمبلی منتخب ہوگئے۔ اگلا مرحلہ ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کا ہے۔
پنجاب اسمبلی کا اجلاس اسپیکر رانا اقبال کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس کا ایجنڈا اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب تھا۔
نو منتخب اراکین نے نئے اسپیکر کا انتخاب خفیہ رائے شماری کے ذریعے کیا۔
اسپیکر پنجاب کے عہدے کے لیے پاکستان تحریک انصاف اور ان کے اتحادیوں کی جانب سے چوہدری پرویز الٰہی کو نامزد کیا گیا تھا جبکہ مسلم لیگ ن کی جانب سے چوہدری محمد اقبال امیدوار تھے۔
پرویز الٰہی نے 201 اور چوہدری اقبال نے147 ووٹ حاصل کیے۔ اسپیکر کے انتخاب کے دوران 348 ووٹ کاسٹ ہوئے جس میں سے ایک ووٹ مسترد کردیا گیا۔
منتخب ہونے کے بعد چوہدری پرویز الٰہی نے رانا اقبال سے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔
دوسری جانب ڈپٹی اسپیکر کے عہدے کے لیے تحریک انصاف کے سردار دوست محمد لغاری اور مسلم لیگ ن کے محمد وارث شاد کے درمیان مقابلہ ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی نے پنجاب اسمبلی میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب میں کسی کو بھی ووٹ نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
خیال رہے کہ پنجاب اسمبلی کے نئے ایوان میں تحریک انصاف ارکان کی تعداد 175، مسلم لیگ ن کے ارکان کی تعداد 162 جبکہ مسلم لیگ ق اور پیپلز پارٹی کے ارکان کی تعداد 10 ہے۔
واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی کا ایوان 371 اراکین پرمشتمل ہے۔ عام انتخابات میں 360 ارکان منتخب ہو کر ایوان میں پہنچے ہیں جبکہ 11 نشستیں تاحال خالی ہیں۔

 

Share this article

Leave a comment