Friday, 29 November 2024


اسلام ظلم و زیادتی کو پسند نہیں کرتا،خطبہ حج

 

ایمزٹی وی (عرفات) مسجد نبویؐ کے امام شیخ حسین بن عبدالعزیز ال الشیخ نے خطبہ حج دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام کی اصل تصویر احسن اعمال پر ہے جب کہ سیاست اور معیشت کو دین کے مطابق ڈھالنے کی ضرورت ہے۔
مسجد نبویؐ کے امام شیخ حسین بن عبدالعزیز ال الشیخ نے مسجد نمرہ میں خطبہ حج دیتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کو حکمرانوں کی فرمانبرداری اور اطاعت کا حکم دیا گیا ہے، حکمران ایسا ہونا چاہیے کہ اللہ کی اطاعت کرے اور ہر طرح کی برائی کو روکے، حکمرانی ایسی ہو جس میں الله اور اس کے رسول ﷺ کے احکامات کی پیروی کی جائے، شریعت کے مطابق زندگی بسر کی جائے، اللہ کا حکم ہے فیصلہ سازی عدل کی بنیاد پر کی جائے، سیاست اور معیشت کو دین کے مطابق ڈھالنے کی ضرورت ہے۔
خطبہ حج میں کہا گیا کہ مسلمان کا مال، خون اور عزت دوسرے مسلمان پر حرام ہے، اسلام ظلم و زیادتی کو پسند نہیں کرتا، مسلمان کو چاہیے کہ کسی کے ساتھ زیادتی نہ کرے، نبی پاک ﷺ کی پیش کردہ اخلاقیات کسی بھی بے گناہ کو نقصان پہنچانے سے روکتی ہیں، معاشرے کے امن کیلیے ہر مسلمان کو کوشش کرنی چاہیے، اخلاق حسنہ معاشرے کو کامیابی کی طرف لے جاتا ہے، پوری دنیا کو قرآن پاک کے مطالعے کی دعوت دیتے ہیں، قرآن سیدھے راستے کی طرف لے کر جاتا ہے۔
شیخ حسین بن عبدالعزیز ال الشیخ نے کہا کہ محمد مصطفیٰ ﷺ پر ایمان کامل اورحکامات کو برحق ماننا ایمان کا اہم جزو ہے، فجر میں قرآن کی تلاوت روز آخرت میں گواہی دے گی، اسلام کی اصل تصویر احسن اعمال پر ہے، اللہ نے وحدانیت پر یقین رکھنے والوں سے کامیابی کا وعدہ کیا ہے، ہر طرح کی کامیابی الله کی وحدانیت اور رسول الله کی رسالت میں ہے، اللہ تقوی اختیار کرنے والوں کو پسند کرتا ہے، لوگوں تقوی اختیار کرو تاکہ تم فلاح پاؤ، اسلام اور دین کی عظمت کی بنیاد توحید ہے، اللہ سے ڈرو اور کسی کو اس کا شریک نہ ٹھراؤ، اللہ سے شرکت کرنے والے کا انجام برا ہوگا، الله کا حکم ہے کہ تم مجھ سے محبت کرتے ہو تو رسول الله کی اطاعت کرو۔
خطبہ حج میں کہا گیا کہ الله توبہ کرنے والوں کو پسند کرتا ہے، والدین اور پڑوسیوں کے ساتھ احسن سلوک کیا کرو، دھوکا نہ کرو اور ناپ تول پورا کرو، جوا اور سٹے بازی حرام ہے، اللہ نے جاسوسی اور غیبت سے منع فرمایا ہے، وقت پر نماز ادا کرو، اسلام ایک دوسرے کے ساتھ اچھے طریقے سے ہم کلام ہونے کی تعلیمات دیتا ہے، اسلامی معاشرہ باہمی محبت کی تعلیمات دیتا ہے اور سیدھا رستہ دکھاتا ہے، الله کا حکم ہے کہ وعدہ پورا کیا جائے، اسلام ہمیں برائی اور فحاشی سے منع کرتا ہے، رسول پاک ﷺنے اپنے خطبہ عرفہ میں حسن اخلاق پر زور دیا ہے، خواتین اور بیویوں کے ساتھ بھلائی کا معاملہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، نماز کلمے کے بعد اسلام کا اہم ترین رکن ہے، اللہ غرور اور تکبر کرنے والے کو پسند نہیں کرتا، اسلام ہمیں برائی اور فحاشی سے منع کرتا ہے۔

 

Share this article

Leave a comment