Saturday, 30 November 2024


مولانا فضل الرحمان نے صدارتی انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)تحریک انصاف کے عارف علوی، پیپلز پارٹی کے اعتزاز احسن جب کہ دیگر اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے مولانا فضل الرحمان نے صدارتی انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے ہیں۔ 

الیکشن کمیشن کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق صدارتی انتخاب کے لیے امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی آج دن 12 بجے تک اسلام آباد ہائی کورٹ اورچاروں صوبائی ہائی کورٹس میں جمع کرائے جاسکتے تھے۔

پیپلز پارٹی کے اعتزاز احسن نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں کاغذاتِ نامزدگی جمع کروائے، ان کے ہمراہ خورشید شاہ، شیری رحمان، نوید قمر اور قمر زمان کائرہ تھے۔

تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان اور دیگر نے سندھ ہائی کورٹ میں عارف علوی کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔

پیپلز پارٹی کے سوا دیگر اپوزیشن جماعتوں نے جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو مشترکہ امیدوار نامزد کیا ہے، ان کے کاغذات نامزدگی بھی اسلام آباد ہائی کورٹ میں مولانا عبدالغفورحیدری اورراجہ ظفرالحق نے جمع کرائے، اس موقع پران کے ہمراہ اکرم خان درانی، حاصل بزنجو اور احسن اقبال بھی تھے۔

واضح رہے کہ صدارتی انتخاب 4 ستمبر کو ہوگا۔

 

Share this article

Leave a comment