Friday, 29 November 2024


آئی جی سندھ کی مزار قائد پر فاتحہ خوانی

 

ایمز ٹی وی(کراچی) نئے آئی جی سندھ کا کہنا ہے کہ غیر جانبدار رہتے ہوئے پولیس اپنا کام جاری رکھے گی، پولیس پر کوئی دباؤ نہیں، اچھا کام کرنے والے کو انعام دیا جائے گا۔
نئے آئی جی سندھ کلیم امام مزار قائد پہنچے۔ ان کے ہمراہ دیگرافسران بھی موجود تھے۔ آئی جی سندھ نے مزار قائد پر فاتحہ خوانی کی۔
مزار کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ شکر گزار ہوں کہ آئی جی سندھ بننے اور خدمت کرنے کا موقع ملا۔ یقین دلاتا ہوں پروفیشنلزم سے کام کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس کے شہدا اور لواحقین کو سلام پیش کرتا ہوں، سندھ پولیس کے غازیوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ ’شہدا کے بچے ہمارے بچے ہیں‘۔
آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ کراچی بڑا شہر ہے، پولیس کی صلاحیتوں میں اضافہ کریں گے۔ ہماری کوتاہی کی نشاندہی کریں، عوام کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے۔ نیک نیتی سے کام کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت خصوصاً وزیر اعلیٰ سندھ نے ہدایت کی ہے کہ ہمیں نتیجہ چاہیئے۔ غیر جانبدار رہتے ہوئے پولیس اپنا کام جاری رکھے گی، پولیس پر کوئی دباؤ نہیں، اچھا کام کرنے والے کو انعام دیا جائے گا۔
آئی جی سندھ کا مزید کہنا تھا کہ جرائم میں ملوث پولیس اہلکاروں کو کوئی رعایت نہیں ملے گی۔
خیال رہے کہ کلیم امام نے سندھ پولیس کے 59 ویں انسپکٹر جنرل (آئی جی) کا چارج گزشتہ روز سنبھالا ہے۔
کلیم امام محکمہ پولیس سے گزشتہ 25 سال سے وابستہ ہیں۔ ڈاکٹریٹ کی ڈگری رکھنے والے ڈاکٹر کلیم کو جون 2018 میں آئی جی پنجاب بھی بنایا گیا تھا۔

 

Share this article

Leave a comment