Friday, 29 November 2024


پشاور جانے والی ٹرین حادثے کاشکار

 

 مسان ریلوے سٹیشن کے قریب خوشحال خان ایکسپریس پٹڑی سے اتر گئی جس کے نتیجے میں 15 مسافر زخمی جبکہ ٹرینوں کی آمدو رفت معطل ہوگئی ہے۔ 2 روز قبل ہی میانوالی کیلئے چلائی جانے والی ریل کار بھی بند ہوگئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق میانوالی کے نواح میں مسان ریلوے سٹیشن کے قریب پشاور جانے والی خوشحال خان ایکسپریس پٹری سے اتر گئی ۔ حادثے میں ٹرین کا انجن اور 7 بوگیاں الٹ گئیں جس کے نتیجے میں 15 مسافر زخمی ہوگئے۔ ٹرین کی بوگیاں الٹنے سے ٹریک بند ہوگیا اور پنڈی سیکشن پر ریل گاڑیوں کی آمدو رفت معطل ہوگئی ہے جبکہ 2 روز قبل ہی میانوالی کیلئے چلائی جانے والی ریل کار بھی بند ہوگئی ہے۔

ذرائع کے مطابق مسان ریلوے سٹیشن کی طرف جانے کے لیے زمینی راستہ نہیں ہے جس کے باعث ریسکیو کے کام میں سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ علاقے کا دوسرے علاقوں سے رابطہ قائم کرنے والا پل بھی ٹوٹا ہوا ہے جس کے باعث ہیوی مشینری پہنچانے کے لیے کڑی تگ و دو کرنا پڑے گی ۔ ذرائع کا کہنا ہے ریسکیو کا کام شروع کردیا گیا ہے اور ابتدائی طور پر زخمیوں کو طبی امداد دی جارہی ہے تاہم ریلوے ٹریک کی بحالی میں کئی گھنٹے لگ سکتے ہیں۔ دوسری جانب ریسکیو حکام نے کندیاں سٹیشن سے امدادی کرین جائے حادثہ کی جانب روانہ کردی ہے۔ ریسکیو انچارج کا کہنا ہے کہ ٹرین کو حادثہ صبح 5 بجے پیش آیا اور جس جگہ پر ٹرین الٹی ہے وہاں صرف ریلوے ٹریک کے ذریعے ہی پہنچا جاسکتا ہے۔

 

Share this article

Leave a comment