Friday, 29 November 2024


افغان فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ

 

ایمز ٹی وی(کابل) افغان نیشنل آرمی کا ہیلی کاپٹر صوبہ فرح میں گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں 4 فوجی اہلکار ہلاک ہو گئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق افغان فوج کا ہیلی کاپٹر 4 اہلکاروں کو لے کر صوبہ فرح جا رہا تھا۔ ہیلی کاپٹر میں دوران پرواز آگ بھڑک اُٹھی جس پر ضلع خاکی صفاد میں ہنگامی لینڈنگ کی بھی کوشش کی گئی تاہم اس دوران ہیلی کاپٹر ہچکولے کھاتے ہوئے زمین بوس ہو گیا۔
فرح صوبے کے گورنر کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر میں گولہ بارود بھی موجود تھا۔ حادثے کے نتیجے میں ہیلی کاپٹر مکمل طور پر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں ہیلی کاپٹر میں سوار چاروں فوجی اہلکار موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔ ہلاک ہونے والوں میں دو پائلٹس اور دو فوجی اہلکار شامل ہیں۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ ہیلی کاپٹر تکنیکی خرابی کے باعث تباہ ہوا جس کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ ہیلی کاپٹر حادثے میں دہشت گردی کا عنصر شامل ہونے کے شواہد نہیں ملے۔ تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ کا انتظار ہے۔
دوسری جانب افغانستان کے صوبے پروان میں افغان خفیہ ادارے این ڈی ایس کے دفتر پر بم حملے میں 4 افراد ہلاک اور 4 زخمی ہو گئے ہیں۔ صوبائی ترجمان واحدہ شاہکار کا کہنا ہے کہ ہلاک اور زخمی ہونے والے افغان خفیہ ادارے این ڈی ایس کے اہلکار تھے۔
واضح رہے کہ افغانستان کے صوبے فرح کے بیشتر علاقوں پر طالبان کا کنٹرول ہے اور ان علاقوں میں اس سے قبل بھی فوجی قافلوں اور گولہ بارود کی ترسیل پر مامور گاڑیوں پر حملے کیے گئے ہیں۔
 
 

 

Share this article

Leave a comment