لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ کپتان نے پاکستان کو اس کی منزل کی طرف رواں دواں کردیا ہے۔
لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب نے مختلف وفود سے ملاقات کے دوران کہا کہ عمران خان بانیان پاکستان کے خواب کو تعبیردے رہے ہیں۔
سردارعثمان بزدار نے کہا کہ ایک ماہ میں عوام کی زندگی میں تبدیلی کے لیے بے پناہ کام کیا ہے، کپتان نے پاکستان کواس کی منزل کی طرف رواں دواں کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل کوترجیحی بنیادوں پرحل کریں گے، نئے پاکستان میں کمزور اورغریب کو بھی ان کا حق ملے گا۔
سردار عثمان بزدار نے کہا کہ پاکستان کواس کی اصل منزل سے ہٹانے والے ملک وقوم کے مجرم ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ کفایت شعاری اورسادگی کو فروغ دے رہے ہیں ، قوم کی ایک ایک پائی کے امین ہیں، عوام جلد ملک کو ترقی کی راہ پر تیزی سے گامزن ہوتا دیکھیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ کفایت شعاری اورسادگی کو فروغ دے رہے ہیں، اخراجات کم کریں گے، بچنے والاپیسہ عوامی فلاح پرلگائیں گے۔