Friday, 29 November 2024


بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے پاک فوج کا سپاہی شہید

 

راولپنڈی : بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کا سلسلہ ایک عرصے سے جاری ہے اور اس میں کمی کے بجائے روز بروز تیزی آرہی ہے۔

بھارتی بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی کارروائیوں کے نتیجے میں آئے دن پاکستانی شہری اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فورسز نے تھب سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں پاک فوج کا سپاہی ظہیر احمد شہید ہوگیا۔

شہید ظہیر احمد کا تعلق آزاد کشمیرکے شہر بھمبر کے گاؤں سلطان پور سے تھا۔

آئی ایس پی آر کا یہ بھی کہنا ہےکہ پاک فوج نے بھارتی بلااشتعال فائرنگ کا مؤثر جواب دیا ہے۔

علاوہ ازیں مہمند میں شہید ہونے والے پاک فوج کے شہید کیپٹن زرغام کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی جس کے بعد ان کو آبائی علاقے کے قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

پشاور میں شہید کی ہونے والی نماز جنازہ میں گورنر خیبر پختون خوا شاہ فرمان، صوبائی وزراء، کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل شاہین مظہر محموں، آئی جی ایف سی خیبر پختون خوا میجر جنرل راحت نسیم احمد خان، ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور اور بڑی تعداد میں فوج سے تعلق رکھنے والے اور عام شہریوں نے شرکت کی۔

 

Share this article

Leave a comment