ملتان : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ کرتار پور راہداری سے پاکستان نے خیرسگالی کا پیغام دیا۔
ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ خطے میں امن ہوگا تومعاشی خوشحالی اور روزگار میں اضافہ ہوگا، ہماری خواہش ہے کہ مشرقی اور مغربی سرحدوں پر امن ہو اور پڑوسی ممالک سے اچھے تعلقات ہوں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سکھ برادری کی خواہش اور مطالبہ تھا کہ انہیں کرتار پور جانے دیا جائے، کرتار پور راہداری کے فیصلے کو پوری دنیا میں سراہا گیا ہے، اس سے پاکستان نے خیرسگالی کا پیغام دیا اور بھارتی حکومت کے بھی شکرگزار ہیں انھوں نے ہماری اس کوشش پر رضامندی کا اظہار کیا۔ بھارتی کابینہ کا اجلاس بلا کرہمارے اس اقدام کی منظوری دی گئی، بھارتی حکومت نے اپنے دو وزیروں کو تقریب میں شرکت کے لیے بھیجا ، اچھی شروعات ہوئی ہے اوراس کو مثبت انداز میں سمجھنا چاہیے۔
وزیرخارجہ نے کہا کہ تحریک انصاف نے بلاتفریق احتساب کی بات کی ہے، مشکل فیصلے ہیں لیکن کوشش کررہے ہیں کہ مسائل کا حل تلاش کریں، عدالتوں کا احترام کرتے ہیں کسی کوبھی عدالت طلب کرے اس کا فرض ہے کہ جواب دے، وزیراعظم نے تقریرمیں آگاہ کیا کہ کتنا پیسا باہر ہے اورلانے کیلیے کیا اقدامات کیے جارہے ہیں، قانون کی حکمرانی کا احترام کل بھی کرتے تھے اور آج بھی کرتے ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یہ بھی دیکھ رہے ہیں پاکستان کی برآمدات میں اضافہ کیسے کرنا ہے، ہماری کوشش ہے کہ کمزور طبقے پر بوجھ نہ ڈالا جائے، ہم چاہتے ہیں کہ کرپشن کی بیخ کنی کی جائے، ہماری پاس دوتہائی اکثریت نہیں تاہم ہمیں اپوزیشن کی سپورٹ چاہیے