Friday, 29 November 2024


ہاکی ورلڈ کپ 2018، پاکستان کا پہلا میچ آج ہوگا

 

مینز ہاکی ورلڈ کپ میں پاکستانی سفر کا ہفتے کو جرمنی کیخلاف میچ سے آغازہوگا۔ مجموعی طور پر پاکستان، ڈچ الیون اور جرمنی اب تک منعقدہ 13 ورلڈ کپ ٹرافیز میں سے 9 آپس میں بانٹ چکے ہیں۔ گروپ’جی‘ کا دوسرا مقابلہ نیدرلینڈز اورملائیشیا کے درمیان شیڈول ہے، جرمنی اور نیدرلینڈز جیسی مضبوط ٹیموں کی موجودگی میں اسے گروپ آف ڈیتھ بھی کہا جا رہا ہے۔ کالنگا اسٹیڈیم میں چار بارکی ورلڈ فاتح پاکستانی ٹیم کو 2 بار کی چیمپئن جرمنی کا چیلنج درپیش ہوگا، گرین شرٹس سردست اپنی رینکنگ میں کمترین 13ویں پوزیشن پر ہیں، ورلڈ کپ میں جرمنی سے 8 باہمی مقابلوں میں پاکستان نے 5 فتوحات کے ساتھ برتری لے رکھی ہے۔ ہیڈ کوچ توقیر ڈار نے میگا ایونٹ سے قبل لاہور میں قومی پلیئرز کو بھرپور تیاریاں کرائی ہیں، انھوں نے کہا کہ ہماری ٹیم متحد اور ایک مقصد کیلیے میدان میں اترے گی، پلیئرز نے کئی مشکلات کا سامنا کیا لیکن وہ ورلڈکپ اور مستقبل قریب میں آنے والے دیگر چیلنجز کیلیے بھی تیار ہیں، دوسری جانب جرمنی بھی اپنی ٹاپ پوزیشن واپس پانے کیلیے کوشاں ہے۔ علاوہ ازیں ایونٹ میں جمعے کو گروپ ’ بی ‘ کے ابتدائی میچز میں آسٹریلیا نے آئرلینڈ کو 2-1 سے شکست دے دی، فاتح ٹیم کیلیے گوورز اور برانڈ نے گیند کو جال کے سپرد کیا، آئرش ٹیم کا واحد گول اوڈونگ ہوئے کے نام رہا،انگلینڈ اور چین کا مقابلہ 2-2 سے برابر ہوگیا۔

 

Share this article

Leave a comment