اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے معمول سے کم بارشوں کے بعد رونما ہونے والی صورتحال کی باعث ملک میں خشک سالی کا تیسرا الرٹ جاری کردیا۔
ذرائع کے مطابق محکمہ موسمیات نے ملک میں معمول سے کم بارشیں ہونے کے باعث رواں سال کا تیسری ’خشک سالی الرٹ‘ جاری کردیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ سندھ اور بلوچستان کے 27 اضلاع کو درمیانے درجے سے لے کر شدید خشک سالی کا سامنا ہے۔ بلوچستان میں آواران، بولان، گوادر، چاغی، کیچ، خاران، نوشکی، پنجگور ، واشک، مستونگ اور کوئٹہ اس فہرست میں شامل ہیں۔
دوسری جانب سندھ میں بدین، دادو، حیدر آباد، جامشورو، کراچی، خیرپور، لاڑکانہ ، مٹیاری، پڈعیدن، روہڑی، سجاول، ٹھٹھہ ، تھرپارکر اور عمر کوٹ وغیرہ شامل ہیں اور اس خشک سالی کے اثرات واضح نظر آرہے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق رواں برس صوبہ سندھ میں معمول سے 71 فیصد کم اور بلوچستان میں 44.2 فیصد کم بارشیں ہوئیں جب کہ سندھ کے 19 اور بلوچستان کے 8 اضلاع کو شدید خشک سالی کا سامنا ہے۔ اسی طرح خیبر پختونخوا میں معمول سے46 فیصد کم بارشیں ہوئیں. دوسری جانب پنجاب میں صورتحال سب سے بہتر ہے تاہم وہاں اگست میں معمول سے 33 فیصد کم بارشیں دیکھی گئی ہیں۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ الرٹ میں ڈیموں میں پانی کی سطح 9 سال کی کم ترین سطح پر پہنچنے کا کہا گیا ہے جب کہ بارشیں نہ ہونے اور خشک سالی کے باعث زراعت اور لائیو اسٹاک متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔